آٹھ جنوری ق لیگ کے خاتمے کا دن ہے۔نواز شریف۔۔۔شفاف الیکشن ہوئے تو چوہدری برادران ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکتے‘ کامونکے میں خطاب

بدھ 26 دسمبر 2007 16:15

کامونکے (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 26. دسمبر2007 ) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آٹھ جنوری انقلاب کا دن ہے یہ ملک کو تباہ و برباد کرنے والی ق لیگ کے خاتمے کا دن ہے ق لیگ پرویز مشرف کے جرموں میں برابر کی شریک ہے وہ بدھ کو سٹی چوک جی ٹی روڈ پر ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے- جس سے امیدوار قومی اسمبلی این اے 99 رانا نذیر احمد خان امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 100 سید خلیل الرحمان چشتی امیدوار پی پی 99 اسد سیف اللہ بٹر عامر سہیل مغل الحاج رانا امیر افضل اور سابق ایم این اے رانا عمر نذیر احمد خان نے بھی خطاب کیا- انہوں نے کہاکہ صدر پرویز مشرف کو چاہئے کہ وہ اپنے خلاف عوامی موڈ کو دیکھ کر از خود اقتدار چھوڑ دیں کیونکہ آج پوری قوم بیک آواز میں انہیں قبول نہ کرنے کا اعلان کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ جنہوں نے مشرف کے ساتھ ملکر ملک کو تباہ و برباد کیا عوام کو چاہئے کہ آٹھ جنوری کو ان کا ساتھ نہ دیں انہوں نے کہاکہ لال مسجد میں بے گناہ مسلمانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے مشرف کے ہر منفی عمل میں ق لیگ برابر کی شریک ہے میاں نواز شریف نے کہا کہ برسراقتدار آ کر عوام کی پہلے کی طرح خدمت کروں گا اور مہنگائی کی کمر توڑ دوں گا- انہوں نے کہا کہ رانا نذیر احمد خان میرا پرانا یار ہے اور سید خلیل الرحمان چشتی میرا ساتھی ہے اس لیے تحصیل کامونکے کے عوام کو چاہئے کہ آٹھ جنوری کو ان کو شاندار فتح دلوائیں انہوں نے کہا کہ شفاف اور صاف الیکشن ہونے کی صورت میں ق لیگ کے چوہدری ایک سیٹ بھی حاصل نہیں کر سکتے- مسلم لیگ ن برسراقتدار آ کر ملکی دولت لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کرے گی ججوں کو واپس لائیں گے سیاست میں فوج کے کردار کو ختم کریں گے اور ملک میں عوامی راج ہو گا بے روزگاروں کو روزگار دلوائیں گے قبل ازیں کامونکے پہنچنے پر ہزاروں افراد نے میاں نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا-