بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے آنے سے مسلم لیگ (ق) پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔جام یوسف

بدھ 26 دسمبر 2007 16:25

کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 26. دسمبر2007 ) پاکستان مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور آئندہ حکومت میں بلوچستان کا وزیراعلیٰ بھی لسبیلہ سے ہی ہوگا  کسی جماعت کے بائیکات سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وندر میں ایک جلسہ عام سے دوران خطاب کیا جام محمد یوسف نے کہا کہ ملک میں بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے آنے سے مسلم لیگ (ق) پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور ہماری پانچ سالہ دور حکومت کی کارکردگی کی بناء پر عوام ہمیں ووٹ دیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان مخالف سوچ رکھنے والوں کو سختی سے کچل دیا جائے گا مخالفت برائے مخالفت کرنے والوں نے بلوچوں کو دربدر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی طاقت بہت مضبوط ہے جو لوگ ہندوستان کو مداخلت کرنے کی دعوت دے رہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ہماری دفاعی قوت اتنی ہے کہ کوئی ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا جام یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) نے اپنے دور حکومت میں ہی صدر مشرف سے کہا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کو ملک میں واپس آنے دیا جائے دونوں کے آنے سے ہم پر کوئی فرق نہیں پڑا میاں اور بی بی دونوں اکثریت کے دعوے کررہے ہیں یہ دعوے ان کا خواب ہی ثابت ہوگاہمیں اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا منفی سوچ اور رویوں سے ہمیشہ نقصان ہی ہوتا ہے جام یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) بلوچستان میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور صوبے کی12 قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور سالمیت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں ہم پہل کرنے کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ صدر پرویز مشرف نے میڈیا کو جتنی آزادی دی ہے اور میں دعوے سے کہتا ہوں کہ اتنی آزادی بینظیر بھٹو اور نواز شریف کو بھی نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں صوبے کی تمام کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ ہوا تھا انہوں نے کہا کہ صدر مشرف نے بلوچستان کے زمینداروں کے ذمے پانچ لاکھ تک کے زرعی قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا لہٰذا اب بینک انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ لوگوں کو تنگ نہ کرے جام یوسف نے مزید کہا کہ لسبیلہ میں ایسے مقامی افراد جو کہ قیام پاکستان سے قبل آباد ہیں انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں کہنا قبل از وقت ہے کہ کونسی جماعت اکثریت حاصل کرے گی تاہم ملک کی سلامتی اور اس کی بقاء کی خاطر ہر جماعت سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں جلسے میں مسلم لیگی رہنماؤں سردار محمد حسن پھورائی  پیر باقر علی شاہ حاجی جان محمد بلوچ اور وڈیرہ سلیمان انگاریہ ضلعی صدر محمد بخش رونجھو نصیر احمد رونجھوو دیگر بھی موجود تھے قبل ازیں وندر آمد پر انکا شاندار استقبال کرتے ہوئے لیگی کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔