وزیراعظم بننے کے نعرے لگوانے والے8جنوری کو عوامی غیض وغضب کاشکار ہوں گے،نوازشریف،آمریت کوجڑ سے اکھاڑپھینکنا اور عدلیہ کو بحال کرنامیرا مشن ہے، جی ٹی روڈ پر عوامی اجتماعات سے خطاب۔اپ ڈیٹ

بدھ 26 دسمبر 2007 17:40

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر۔2007ء) سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ق لیگ نے اس بار اگر چند سیٹیں جیت بھی لیں تو ایسا صرف دھاندلی کی صورت میں ہی ممکن ہوسکتا ہے کیونکہ اس نے اپنے دوراقتدار میں صرف لوٹ مارکابازار گرم رکھا اور قومی خزانے سے کھربوں روپے لوٹے، پھر یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ لوگ ق لیگ کو ووٹ دیں، جنہوں نے عوام کو مہنگائی ، لاقانونیت کی چکی میں پیس کر رکھ دیا وہ بستی بستی نگر نگر عوام کے درمیان کارواں درکارواں کے سلسلے میں لاہورسے جہلم جاتے ہوئے الحسن آباد، گوجرانوالہ، چنداقلعہ، پنڈی بائی پاس، راہ والی کینٹ، گکھڑ، وزیرآباد، گجرات میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے، ان علاقوں سے الیکشن لڑنے والے ن لیگ کے نامزد امیدواروں اور بڑی تعداد میں عوام نے میاں نوازشریف کا والہانہ استقبال کیا، جگہ جگہ لوگوں نے سڑک کنارے کھڑے ہوکر گل پاشی کی، میاں نوازشریف جہاں پہنچتے وہاں لوگوں کا جم غفیر اکٹھا ہوجاتا اور شیر آیاشیر آیا کے نعروں کی گونج میں بھنگڑے ڈالتے، مسلم لیگ کے نامزد امیدوار رانانذیر، خرم دستگیر، عثمان ابراہیم، میاں آصف عقیل، جسٹس(ر) خورشید اور محمد بشیر ورک اپنے اپنے صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں اور کارکنوں کو لیکر میاں نوازشریف کا استقبال کرتے رہے، میاں نوازشریف نے راستے میں آنے والے ان مقامات پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے آئین کو تہہ تیغ کرکے اس کا حلیہ ہی بگاڑ دیا لہٰذا اب عوام ان حلیہ بگاڑنے والوں کا آٹھ جنوری کے روزناطقہ بند کردیں اور شیر کو ڈٹ کر ووٹ ڈالیں اور اپنی نفرت کا اظہار کرنے کیلئے سائیکل کو مسترد کردیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں کویاد رکھنا ہوگا اگر ہم ان کو بھول گئے تو خدانخواستہ ملک کو دوبارہ نقصان پہنچ سکتا ہے،میں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، جس کی وجہ سے مجھے جلاوطن کیا گیا، اگرحکمرانوں سے سودے بازی کرلیتا تو سات سال کی بجائے صرف سات دن جلاوطن ہوتا، انہوں نے کہاکہ میری جلاوطنی کے بعد میرے وفادارشاہ کے وفادار بن گئے لہٰذا عوام پر واجب ہوگیا ہے کہ شاہ کے وفادار کو اسمبلی میں بھجوانے کی بجائے واپس گھروں میں بٹھادیں کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہو ں نے عدلیہ کو سبوتاژکیا،اقتدار کے نشے میں چور ان لوگوں نے ججوں کو فارغ کرکے گھروں میں قید کردیا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ برسراقتدار آکرججوں کوان کے عہدوں پربحال کریگی یہ ہماری پہلی ترجیح ہے، اگر عوام سمجھتے ہیں کہ حکمرانوں نے عدلیہ کو غیرقانونی طورپر سبوتاژ کیاتو میرا ساتھ دیں، انہوں نے کہاکہ میں ایک نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترا ہوں ، اس جذبے میں عوامی خدمت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے، میرا دل پاکستانیوں کیلئے دھڑکتا ہے جس دن عوامی خدمت کا جذبہ میرے دل سے نکل گیا تو سمجھ لینا کہ نوازشریف کا وہ آخری دن ہوگا، انہوں نے کہا کہ میرا دور خوشحالی کا دورتھا روزمرہ زندگی کی اشیاء سستے داموں دستیاب تھیں لہٰذا ہرشخص خوشی سے زندگی گزاررہاتھالیکن موجودہ حکمرانوں کو یہ بات ایک آنکھ نہ بھاتی تھی روز سکیمیں لڑاتے تھے کہ نوازشریف کا کیا کریں، جو عوام کے دلوں میں راج کربیٹھا ہے، ان کو کبھی بھی اپنی حیثیت نظر نہیں آرہی تھی ، جس پر انہوں نے شب خون مارا اور مجھے گھر سے بے گھر کردیا ، میں مدینہ اور مکہ میں بھی رہ کر ملک کی سلامتی کی دعائیں کرتارہا بلکہ میرے پیچھے ق لیگ عوام کو نوچتی رہی، بتادو کہ شیر آگیا ہے اب مدظلم کرنے والے کا پورا احتساب ہوگا، غریب کے منہ سے روٹی چھیننے والوں پر زمین تنگ کردونگا، میرا ہاتھ پکڑ لو وگرنہ یہ جابر اورظالم حکمران آپ کو کھا جائیں گے، مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ یہ کیسے حکمران ہیں جنہوں نے قومی ہیرو محسن انسانیت ڈاکٹرقدیر خا ن کو پس پشت ڈال دیا ، وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کرسکتیں جو اپنے ہیروز کونظربند کردیں، انہوں نے کہا کہ آٹھ جنوری کو بہروپیوں کے چہروں سے نقاب الٹ دیں، جو چہرے بدل بدل کر آپ کے پاس ووٹ مانگنے آرہے ہیں ، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنے آٹھ سالہ دور میں عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا، انہو ں نے کہا کہ ن لیگ کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کی اب یہاں کوئی جگہ نہیں یہ مفادپرستوں کاٹولہ ہے، یہ لوگ آمریت کا حصہ بن چکے ہیں اور میرا مشن آمریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے اور اس میں عوام میراہاتھ بٹائیں، انہوں نے کہاکہ نیا صدرتمام جماعتوں کے مشورہ سے بنایاجائے گا یہ جو وزیراعظم وزیراعظم کے نعرے لگارہے ہیں میں ان کو بتادینا چاہتا ہوں وزارت ان کے گھر کی لونڈی نہیں کہ ایک بن گیا ،اب دوسرا بن جائے ، وزیراعظم تو اکثریت والا ہی ہوگا، انہوں نے کہا کہ آٹھ جنوری کا سورج دیکھے گا کہ ق لیگ ڈوب گئی ،اس کو عوام عبرتناک شکست سے دوچار کرینگے کیونکہ یہ چوروں ، لٹیروں رسہ گیروں کا ایک ٹولہ ہے جن کو آٹھ جنوری کے روز شیر کھاجائے گا۔