راولپنڈی کے قریب کرال چوک پر نواز شریف کے استقبال کے لئے آنے والوں پر فائرنگ سے چار افراد جاں بحق متعدد زخمی

جمعرات 27 دسمبر 2007 16:11

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 27. دسمبر2007 ) راولپنڈی کے قریب کرال چوک پر نواز شریف کے استقبال کے لئے آنے والوں پر فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب کرال چوک پر لوگ نواز شریف کے استقبال کے لئے جمع ہورہے تھے۔ اس دوران ان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ واقعےکے بعد پولیس اور دیگر امدادی ادارے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچے ۔

اس دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتالوں میں‌ پہنچا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

واقعے کے حوالے سے مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف نے ون ورلڈ سے بات چیت میں‌ الزام عائد کیا کہ حکومت نے جان بوجھ کر سیکورٹی فراہم نہیں کی جو اس کی بد دیانتی کا ثبوت ہے ۔فائرنگ کے بعد نواز شریف کا قافلہ کرال چوک سے دس کلومیٹر پیچھے روک دیا گیا ۔ فائرنگ کی اطلاع پر مسلم لیگ کے کارکنوں میں اشتعال پھیل گیا اور وہ کرال چوک پر جمع ہونا شروع ہو گئے ۔مسلم لیگ نواز کے مقامی رہنما سرفراز افضل نے الزام لگایا ہے کہ جلوس پر دونوں جانب سے درختوں پر بیھٹے افراد نے فائرنگ کی جس میں بقول ان کےنواز کھوکھر ملوث ہیں۔