تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کا بائیکاٹ کردیں، سانحہ راولپنڈی صرف ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے ، میاں نواز شریف

جمعہ 28 دسمبر 2007 14:47

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ‌تازہ ترین 28 دسمبر 2007 ) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آٹھ جنوری کو انتخابات کا انعقادملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے اور بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد ان کی کوئی اہمیت نہیں ہو گی۔اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی صرف ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔

جبکہ سابق وزیر بے نظیر بھٹو کا قتل اور مسلم لیگ ن کے جلوس پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں کروا سکتی اور ستائیس دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں میں سیکیورٹی انتظامات صحیح نہیں تھے جن کی بناء پر یہ سانحہ پیش آیا۔ اور اب ملک کی بقاء و سالمیت کیلئے موجودہ صدر کو اپنا عہدہ چھوڑنا ہو گا۔

جبکہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور ایسے حالات میں کوئی جماعت انتخابات تو درکنار مہم چلانے سے قاصر ہے اور اگر حکومت نے پھر بھی ایسا کیا تو اس کا مطلب کنگز پارٹی کو اقتدار دینا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کیلئے دوسری جماعتوں سے مشاورت کر ے گی اور وہ خود کل آصف علی زرداری سے تعزیت کیلئے لاڑکانہ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :