نوازشریف نے بینظیربھٹو کی قبرپرپھول چڑھائے،آصف زرداری سے تعزیت کی۔۔۔بینظیر بھٹو سے بھائی بہن جیسا رشتہ تھا ، نواز شریف،تمام قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، آصف زرداری سے بات چیت

ہفتہ 29 دسمبر 2007 17:39

نوڈیرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2007ء) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اے پی ڈی ایم کے رہنماوٴں کے ہمراہ بینظیر بھٹو کی ہلاکت پر تعزیت کیلئے نوڈیرو پہنچ گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ میاں نواز شریف اپنے سیاسی حریف بینظیر بھٹو کے آبائی شہر نوڈیرو میں رہائشگاہ بھٹو ہاوٴس میں گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف دیگر رہنماوٴں کے ہمراہ موہنجودوڑو سے نوڈیرو میں بھٹو ہاوٴس پہنچ گیا ہے جہاں میاں نواز شریف نے بینظیر بھٹو کے شوہر آصف زرداری اور دیگر اہلخانہ سے بینظیر بھٹو کی شہادت پر تعزیت کی ۔

اطلاعات کے مطابق جب نواز شریف بھٹو ہاوٴس پہنچے تو پیپلز پارٹی کے مشتعل کارکنوں نے انہیں دیکھ کر پنجاب مخالف نعرے بازی شروع کر دی اور انتہائی بدنظمی دیکھنے میں آئی ۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور دیگر رہنماوٴں کو دھکے بھی پڑے ۔ بعد ازاں میاں نواز شریف نے آصف زرداری،بلاول بھٹو اور دیگر اہلخانہ سے بینظیر بھٹو کی شہادت پر تعزیت کی پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو سے بھائی بہن جیسا رشتہ تھا ، جمہوریت کی بحالی کیلئے بینظیر بھٹو کی خدمات پر تمام قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، نواز شریف نے ہفتہ کو نوڈیرو میں بینظیر کی وفات پر آصف علی زرداری اور ان کے بیٹے بلاول سے اظہار تعزیت کیا ، اس دوران نواز شریف نے آصف علی زرداری سے مختصر ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو سے انکا بھائی بہن جیسا رشتہ تھا ، نواز شریف نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کیلئے بینظیر کی خدمات کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ بینظیر کی وفات سے تمام قوم کو بہت صدمہ پہنچا ہے اور مسلم لیگ ن اپنے تمام مرکزی رہنماؤں کے ساتھ اظہار تعزیت کیلئے آئی ہے ، شہباز شریف بعض مصروفیات کی بناء پر حاضر نہ ہوسکے ، آصف علی زرداری اور ان کے بیٹے بلاول سے اظہار تعزیت کیلئے نواز شریف کے ہمراہ اے پی ڈی ایم کاوفد بھی شامل تھا ، جنہوں نے سوگواران سے اظہار تعزیت کیا ۔

بعد ازاں میاں‌نواز شریف نے گڑھی خدابخش میں محترمہ بینظیر بھٹو کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔