انتخابات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی رہنماؤں کے مشورے سے کروں گا، نواز شریف

اتوار 30 دسمبر 2007 23:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد محمدنوازشریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے 8جنوری کو منعقد ہونے والے انتخابات میں شمولیت کے اعلان پر کہا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور مسلم لیگ(ن)کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان وہ پارٹی رہنماؤں سے مشورے کے بعد کریں گے۔پارٹی کی طرف سے جاری کردہ ریلیز میں نواز شریف نے کہا کہ وہ ملک کو جمہوری راہ پر ڈالنے کیلئے بے نظیربھٹو کی قربانیوں کی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے قدر کرتے ہیں اور ضروری سمجھتے ہیں کہ آمریت کے ہاتھوں وفاق پاکستان کو جو زخم لگا ہے، اسے مندمل کرنے کیلئے اور وفاق کی اکائیوں میں یکجہتی پیدا کرنے کیلئے قومی سیاسی جماعتوں اور قیادتوں کے درمیان خلاء کو پیدانہ ہونے دیاجائے اور سیاسی جدوجہد کیلئے افہام وتفہیم سے راستوں کاتعین کیاجائے۔

(جاری ہے)

محمدنوازشریف نے کہا کہ کنگزپارٹی کی شکست فاش نوشتہ دیوار ہے اور آمریت اپنے لے پالکوں کوبچانے کیلئے دھن، دھونس اور دھاندلی کے منصوبوں میں ناکامی کا منہ دیکھ کر فرارکے راستے اپنارہی ہے اور گذشتہ دنوں میں پیش آنے والے تمام المیہ واقعات اسی منصوبے کا حصہ ہیں لہذا تمام جمہوری قوتوں پر یہ فرض عائدہوتا ہے کہ وہ نفرتوں کے سوداگروں کی چالوں کو ناکام بنائیں اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور پاکستانیوں کے درمیان بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنے کیلئے شانہ بشانہ جدوجہدکوجاری رکھیں اوردم توڑتی آمریت کو اس کے انجام تک پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :