اپوزیشن کے اتحاد کےامکانات معدوم ہو گئے‘نواز شریف نے چوتھی مرتبہ موقف بدل کر اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ لیاقت بلوچ

پیر 31 دسمبر 2007 13:31

اوکاڑہ چھاؤنی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 30. دسمبر2007 ) جماعت اسلامی پنجاب کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے متحد ہونے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو دوبارہ اسی تنخواہ پر مامور کر دیا ہے میاں نواز شریف نے چوتھی مرتبہ موقف بدل کر اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے مولانا فضل الرحمان اور علامہ ساجد نقوی سے رابطہ ہے مگر وہ تاحال تذبذب کا شکار ہیں- جماعت اسلامی ضلع اوکاڑہ کے قائمقام امیر محمد فاروق شیخ کے ہمراہ اوکاڑہ کے صحافیوں کے وفد سے با ت چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے تو عوامی جدوجہد کے حوالہ سے اپنا کام مکمل کیا اور وہ بڑے باوقار انداز میں رخصت ہوئیں ان کے سیاسی وارثان کیلئے مستقبل کا سیاسی کردار ایک چیلنج ہے مگر اس طرح محسوس ہوتا ہے کہ نادیدہ قوتوں نے محترمہ کے قتل کے بعد پیپلزپارٹی کو ڈی ٹریک کر دیا ہے لگ رہا ہے کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں جانے کیلئے بے قرار ہے ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے انتخابات کے اہم ترین ایشو پر چوتھی مرتبہ موقف بدلا ہے پہلے اے پی ڈی ایم میں انہوں نے انتخابی بائیکاٹ کا اعلان کیا دوسری مرتبہ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا- تیسری مرتبہ محترمہ کے قتل پر یک لخت پھر بائیکاٹ اور چوتھی مرتبہ پھر الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان خود ن لیگ کی ساکھ کیلئے نقصان دہ ہے ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد آمریت کے خاتمے کے حوالے سے اپوزیشن کے اتحاد کی جو امید پیدا ہوئی تھی وہ ختم ہو گئی ہے ایم ایم اے کے مستقبل کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان اور علامہ ساجد نقوی سے رابطے موجود ہیں مگر وہ تاحال تذبذب کا شکار ہیں-