الیکشن کا التواء قبول نہیں‘ مقررہ وقت پر حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ پیپلزپارٹی۔۔۔مختصر مدت کیلئے الیکشن ملتوی کئے جانے پر اعتراض نہیں‘ ن لیگ

پیر 31 دسمبر 2007 17:10

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 30. دسمبر2007 ) پاکستان پیپلزپارٹی 8 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کے التواء کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقررہ وقت پر الیکشن کیلئے تیار ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن نے مختصر مدت کیلئے الیکشن کے التواء پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے-پاکستان پیپلزپارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر اور پی پی پنجاب کے صدر مخدوم شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی مقررہ وقت پر الیکشن میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے اور ہم انتخابات کو ملتوی کئے جانے کو قبول نہیں کریں گے انہو ں نے کہا کہ اگر حکومت نے الیکشن کو ملتوی کیا تو پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا اور ایگزیکٹو کمیٹی ہی الیکشن کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کو ملتوی نہ کیا جائے اور ان کا انعقاد آٹھ جنوری کو مقررہ وقت پر ہو-دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء راجہ ظفر الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی صورتحال اس وقت کشیدہ ہے اگر الیکشن مختصر مدت کیلئے ملتوی کر دیئے جائیں تو ان کی پارٹی کوئی اعتراض نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک میں سوگ کی سی کیفیت ہے اور سندھ سمیت ملک کے بعض علاقوں میں ہنگامے بھی ہو رہے ہیں اس صورتحال میں الیکشن کا مختصر التواء قابل قبول ہے لیکن اگر الیکشن کو لمبی مدت کیلئے ملتوی کیا گیا تو یہ پاکستان کیلئے بہتر نہیں ہو گا-