بھٹو خاندان جہاں سے چاہے سانحہ لیاقت باغ کی انکوائری کروائے حکومت کو ان سے تعاون کرنا چاہئے۔محمد اعجاز الحق

منگل 1 جنوری 2008 15:33

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 )پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کا صحیح اقدام ملک میں جمہوریت کی بحالی اور امن وامان کا قیام ہے -بھٹو خاندان جہاں سے چاہے سانحہ لیاقت باغ کی انکوائری کروائے حکومت کو ان سے تعاون کرنا چاہئے-حالانکہ 1988ء میں سانحہ بہاولپور کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی حکومت نے انکوائری میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تھی- آٹھ جنوری کے انتخابات کیلئے تیاری مکمل ہے تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گا اسی کے تحت انتخابات ہوں گے-منگل کو مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ 27 دسمبر کا واقعہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ جو حادثہ پیش آیا ہے ہم بھٹو خاندان اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے بچوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں-ان حالات میں پاکستان پیپلزپارٹی نے آٹھ جنوری کے انتخابات میں حصہ لینے کاجو فیصلہ کیا یہ قابل تحسین ہے-تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھے بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں-محمد اعجاز الحق نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں جمہوریت بحال ہو اور امن و امان قائم ہو اور اس کیلئے ہم سب کو مل جل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا- ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان سانحہ لیاقت باغ کی جہاں سے چاہے انکوائری کروائے ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں اور اس سلسلہ میں نگران حکومت کو ان سے تعاون کرنا چاہئے-محمد اعجاز الحق نے کہ 17 اگست 1988ء کے شہدائے بہاولپور کی انکوائری کیلئے اس وقت کی پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہم سے کوئی تعاون نہیں کیا تھا بلکہ ہمارے راستے میں روڑے اٹکائے گئے رکاوٹیں ڈالی گئیں-ایک اور سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان کا جذبات میں آکر احتجاج کرنا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ملک میں ہنگامہ آرائی‘خون خرابہ اور توڑ پھوڑ کر کے کون سی ملک کی خدمت کی ہے-ق لیگ کے بینر اور پوسٹر پھاڑے گئے جوکہ سیاسی میدان میں بد ترین عمل ہے-محمد اعجاز الحق نے کہا کہ آصف علی زرداری کی طرف سے مسلم لیگ ق کو قاتل لیگ قرار دینا درست بات نہیں وہ جذبات میں ہیں لیکن اس طرح کے حادثہ کے موقع پر جذبات کو قابو میں بھی رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے مسلم لیگ ق بھی ایک جمہوری جماعت ہے جو کہ جمہوری اور انتخابی عمل کے ذریعے میدان سیاست میں اپنا کردار ادا کررہی ہے-