الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی

منگل 1 جنوری 2008 16:09

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مشاورت کیلئے ان کی جماعت کو دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں آٹھ جنوری کو انتخابات منعقد کرانے کا مطالبہ کرچکی ہیں اس لئے شیڈول کے مطابق انتخابات کرائے جائیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے کے بارے میں الیکشن کمیشن بے اختیار ہے ۔آئین کے آرٹیکل 224کے مطابق اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے ساٹھ روز کے اندر انتخابات کا انعقاد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آٹھ جنوری کو انتخابات میں حصہ لے کر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو پورا کرے گی ۔ بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمشن سیاسی یتیموں کی سرپرستی نہ کرنے ۔ جبکہ متحدہ مجلس عمل کے راہنماؤں نے بھی الیکشن کمیشن کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہونے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے التواء کے بارے میں کوئی فیصلہ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا۔