قومی حکومت کے قیام کے موقف سے اتفاق نہیں کرتے،،آٹھ جنوری کو انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کریگا،چوہدری شجاعت حسین کی پریس کانفرنس

منگل 1 جنوری 2008 17:49

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) مسلم لیگ ق کےصدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک میں قومی حکومت کے قیام کا سوال ہی پیدا نہیں ہو تا۔مسلم لیگ انتخابات سے بھاگنا نہیں چاہتی تاہم الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آٹھ جنوری کو انتخابات کے لیئے تیار ہے یا نہیں۔ وہ مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں بعض اراکین نے ملک کی خراب صورتحال کے پیش نظر انتخابات ملتوی کر نے کی رائے دی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پہلے پاکستان اور اس کے بعد انتخابات کی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جس طرح لوگوں کے ساتھ سلوک کیا جارہا ہے، اس طرح دشمنوں سے بھی نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں الیکشن کمیشن کے دفاتر لوٹے گئے اور بے گناہ لوگوں کو مارا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیئے کسی بھی بین الاقوامی کمیشن کا خیر مقدم کریں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ چالیس دن کے سوگ کا اعلان کرنے کے بعد پیپلز پارٹی کو انتخابات یادآگئے، وہ زبر دستی اقتدار پر قبضہ چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصف علی زرداری نے پریس کانفرنس میں پاکستان کے خلاف نعرے لگوائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں لوٹ مار اور مسلم لیگ کو قاتل لیگ کہنے کے معاملات کی تحقیقات کے لیئے دوالگ تحقیقاتی کمیشن قائم کیئے جائیں ۔