پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ صدر مشرف

منگل 1 جنوری 2008 17:53

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ اورکشمیریوں کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ۔ اعتماد کی بحالی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف پیشرفت ہونا بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے صدر راجہ ذوالقرنین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدارتی کیمپ آفس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے شروع کئے گئے منصوبے ‘ امن وامان کی صورتحال ‘ زلزلہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اور ایرا آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو بہترین زندگی کی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور تعمیرنو کا عمل جدید انداز میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے صدر کا کہنا تھا کہمسئلہ کشمیر پر ٹھوس اور نتیجہ خیز پیشرفت کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اصدر نے واضح کیا کہ اس مسئلہ کے حل کے لئے پاکستان یکطرفہ لچک نہیں دکھائے گا۔صدر آزاد کشمیر نے صدر مشرف کو آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔