نگراں وزیر اعظم محمد میاں سومرو کی صدرپرویز مشرف سے ملاقات۔۔الیکشن ، سیاسی صورتحال اور امن و امان کی صورتحال پرتبادلہ خیال

منگل جنوری 18:03

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو نے صدارتی کیمپ آفس راولپنڈی میں صدر پرویز مشرف سےملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال‘ آئندہ عام انتخابات اور امن وامان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے صدرکوانتخابات کےحوالےسےمختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ اپنے رابطوں اور بات چیت کے بارے میں اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر اور وزیراعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن زمینی حقائق کے مطابق فیصلہ کرے گا۔صدر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ میں توسیع کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کر رکھی ہے۔ صدر مشرف نے کہا کہ عام انتخابات کا صاف اور شفاف ہونا ہی کافی نہیں بلکہ ان کا پرامن ماحول میں ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔۔ وزیراعظم نے امن وامان کے قیام کے لئے صوبائی حکومتوں کو جاری کی گئی ہدایات اور دیگر امور کے بارے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا۔