صدرپرویز بینظیر بھٹو کے قتل کی ذمہ داری قبول کرکے مستعفی ہوجائیں،نگراں قومی حکومت بناکر آزادانہ الیکشن کرائے جائیں،اے پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد رہنماوٴں کی پریس کانفرنس

منگل 1 جنوری 2008 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2008ء) آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر پرویز مشرف محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔ اور نگران قومی حکومت بنا کر آزادانہ الیکشن کا انعقادکروایا جائے ۔ اور اگر ایسا نہ کیاگیا تو حکومت کے خلاف عوامی تحریک شروع کر دی جائیگی۔اسلام آباد میں اے پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے پی ڈی ایم کے کنوینئر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ستائیس دسمبر کو دوگھنٹے کے وقفے سے دوسابق وزرائے اعظم پر راولپنڈی میں ہونے والے قاتلانہ حملوں اور ان میں محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے جاں بحق ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے صدر مشرف کے زیر اہتمام ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان سمجھ سے بالا تر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے انتخابات کا حصہ نہیں بنیں گے اور عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو اقتدار سے الگ کریں گے ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے کی جانے والی آخری ای میل میں صدر مشرف کو اپنے ممکنہ قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا لیکن پیپلز پارٹی اسی صدر کی طرف سے کرائے جانے والے غیر آئینی انتخابات میں حصہ لے کر درست فیصلہ نہیں کررہی ۔