یورپی یونین کے مبصرین کا سفیروں کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ کا دورہ،بابر اعوان نے وفد کو دھاندلی بارے بینظیر کا خط اور بینظیر کی شہادت کے حوالے سے بریفنگ دی

منگل 1 جنوری 2008 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2008ء) انتخابات کی نگرانی کیلئے آئے ہوئے یورپی یونین کے مبصر وفد نے یورپین سفیروں کے ہمراہ منگل کو پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ کادورہ کیا ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر بابر اعوان نے پیپلز پارٹی کی شہید قائد بینظیر بھٹو کی طرف سے یورپی یونین کے مبصر کے نام انتخابات میں حکومتی دھاندلیوں کے بارے میں لکھا گیا ایک خط وفد کے حوالے کیا جو بینظیر بھٹو نے اپنی شہادت سے دو دن قبل لکھا تھا لیکن یورپی مبصر کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے یہ خط ان کے حوالے نہیں کیا گیا تھا اس موقع پر ڈاکٹر بابر اعوان نے یورپی مبصر مشن کو بینظیر بھٹو کی شہادت کے بارے میں حقائق سے آگاہ کیا اور موجودہ صورتحال میں پیپلز پارٹی کا موقف بتایا، ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یورپی مبصر مشن کے سربراہ مائیکل چہلی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل مکمل ہونا چاہئے ، وہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کر کے پاکستان کے انتخابات کے بارے میں اپنی رپورٹ تیار کرینگے ، لیکن انہوں نے پاکستان میں انتخابی صورتحال پر کوئی رائے دینے سے انکار کیا ، اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ انتخابات آئین کے مطابق موخر نہیں کئے جاسکتے ہیں ، قبل ازیں یورپی مبصر اور یورپین سفیر جان ڈی کوک نے بینظیر بھٹو کے بارے میں اپنے تاثرات کتاب میں درج کرتے ہوئے ان کی شہادت کو پوری دنیا کیلئے نقصان قراردیا