سندھ میں لوٹ مار سے متاثر افراد کو معاوضہ دیا جائے،الطاف حسین کا صدر مشرف سے مطالبہ

منگل جنوری 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2008ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدر مملکت پرویز مشرف سے اپیل کی ہے کہ صوبہ سندھ میں گزشتہ دنوں لوٹ مار کے دوران متاثر ہونے والے ہزاروں خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے انہوں نے یہ اپیل گزشتہ روز صدر مملکت سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کی اس موقع پر الطاف حسین نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر بھی صدر مملکت سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو ملک و قوم کا بہت بڑا نقصان قرار دیا انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پورے ملک خصوصا سندھ میں ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ جلاوٴ گھیراوٴ اور لوٹ مار کے جو واقعات ہوئے ہیں ان میں لوگوں کے کاروبار دکانیں گاڑیاں گھر فیکٹریاں اور کارخانے لوٹے اور جلاکر تباہ کردئے گئے الطاف حسین نے صدر مملکت کو ان نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس دوران ہزاروں شہریوں کے گھروں کو لوٹا گیا بڑے پیمانے پر گاڑیاں جلادی گئیں اور فیکٹریاں تباہ کردی گئیں ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے صدر مملکت سے پرزور اپیل کی کہ جن لوگوں کے گھر، دکانیں ، کارخانے ، فیکٹریاں اور کاروبار لوٹے گئے ہیں اور گاڑیاں جلائیں گئی ہیں انہیں حکومت معاوضہ دے اور انکے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور واقعات کے دوران جن بے گناہ شہریوں کو شہید کیا گیا ان کے لواحقین کو بھی معاوضہ دیا جائے صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت اور اسکے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور الطاف حسین کو یقین دلایا کہ اس تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور نقصانات کے ازالے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے