برطانوی ہائی کمشنر کی نوازشریف سے ملاقات،موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ انتخابات اور سانحہ راولپنڈی کی شفاف تحقیقات ناممکن ہے،قائد مسلم لیگ ن

جمعرات 3 جنوری 2008 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر انتخابات صاف وشفاف ہوئے تو ق لیگ د نشستیں بھی نہیں جیتے گی موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں شفاف انتخابات اور سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات ناممکن ہے انہوں نے یہ بات برطانوی ہائی کمشنر رابرٹ برنکلے سے کہی جنہوں نے جمعرات کو ان سے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال ،عام انتخابات کے انعقاد،بے نظیربھٹو کے قتل کی تحقیقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں نہ شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں اور نہ ہی بے نظیر بھٹو کی شہادت کی آزادانہ تحقیقات ممکن ہے کیونکہ حکمران اس پر اثر انداز ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ انتخابات کا منصفانہ انعقادممکن نہیں کیونکہ انتخابات کی مقررہ تاریخ التواء صرف کنگ پارٹی کو سپورٹ کرنے کے لیے کیا گیا ہے ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ اگر انتخابات صاف اور شفاف ہوئے تو ق لیگ دس نشتیں بھی حاصل نہیں کریگی کیونکہ عوام حقائق جان چکی ہے اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر رابرٹ برنکلے نے کہاکہ عالمی برادری پاکستان میں شفاف انتخابات کروانے کی خواہاں ہے تاکہ جمہوریت کو تقویت مل سکے۔