بینظیر بھٹو شہید کے قتل کے شواہد مٹا دیئے گئے،اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کی تحقیقات متاثر ہوں گی،رضا ربانی

ہفتہ 5 جنوری 2008 14:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2008ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کے شواہد مٹا دیئے گئے ہیں جس کے باعث اسکاٹ لینڈیارڈ کی ٹیم کی تحقیقات متاثر ہوگی۔وہ بلاول ہاوٴس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹوکی اسی ویں سالگرہ سادگی سے منائی گئی۔

ذوالفقار علی بھٹواور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سمیت عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل میاں رضا ربانی، ناہیدخان ، صفدر عباسی، سید قائم علی شاہ سمیت دیگر رہنماوٴں نے تعزیتیں وصول کیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کے مشن سے کرائی جائے ، حکومت کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے ہم مطمیئن نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) ملک میں لسانیت کو فروغ دے رہی ہے جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔پیپلزپارٹی کی سیاست وفاق کی سیاست ہے ،پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کا فلسفہ وفاق پاکستان کو متحد رکھنے کا تھا اور انہوں نے وفاق کے لئے جان دی۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں مختلف سیاسی جماعتیں لسانیت اور گروہی سیاست کر رہی ہے اس صورتحال میں ایک قومی لیڈر کی کمی محسوس ہورہی ہے جو ہمیشہ بے نظیر بھٹو نے اس ملک کوفراہم کی۔