نواز شریف نے بھی اپنے دور حکومت میں امیر المونین بننے کی کوشش کی، چوہدری پرویز الٰہی کا دعویٰ

اتوار 6 جنوری 2008 16:52

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری۔2008ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز لیگ نے عوام کےلئے کچھ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ضلع بہاولپور سے ان کی پارٹی کی جانب سے کوئی رہنما الیکشن لڑنے کو تیار نہیں ہوا اور وہ یہاں سے صرف ایک امیدوار میدان میں لاسکے۔ اپنے دور میں انھوں نے بھی امیر المونین بننے کی کوشش کی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں بہاولپور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے نہ کوئی سرے محل بنانا تھا نہ سوئٹزر لینڈ میں مال جمع کرنا تھا، ہم نے عوام کی خدمت کرنا تھی جو ہم نے کی، یہی وجہ ہے کہ آج پنجاب بھر میں لوگوں کو مفت تعلیم واعلاج معالجے کی سہولتیں میسر ہیں۔ انھوں نے ن لیگ کہ قائد نواز شریف کو مخطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلف اٹھا کر کہیں کہ اپنے دور حکومت میں شریعت بل کہ ذریعے انھوں نے امیر المونین بننے کی کوشش نہیں کی، وہ آج جمہوریت یا فرد واحد کی بات کس طرح کرسکتے ہیں۔