میر ظفر اللہ خان جمالی کی مسلم لیگ نواز میں شمولیت کی تیاریاں مکمل ۔ نواز شریف نے پارٹی کی مجلس عاملہ سے اجازت لے لی

منگل 8 جنوری 2008 18:29

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08. جنوری2008 ) سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی مسلم لیگ نواز میں شمولیت کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے میر ظفر اللہ خان جمالی کی اپنی پارٹی میں شمولیت کیلئے مرکزی مجلس عاملہ سے اجازت بھی لے لی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دور ان میر ظفر اللہ خان جمالی مسلم لیگ نواز میں شامل ہو جائیں گے ۔

با خبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں میاں نواز شریف کی صدارت میں ہونے والی مسلم لیگ نواز کے مر کزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی اور پارٹی کے اہم راجہ محمد افضل نے میر ظفر اللہ خان جمالی کی مسلم لیگ نواز میں شمولیت کی تجویز پیش کی ۔ جس کی مجلس عاملہ کے ارکان کی اکثریت نے تائید کی ۔

(جاری ہے)

میر ظفر اللہ خان جمالی وزارت عظمیٰ سے مستعفیٰ ہو نے کے بعد مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے اختلافات کے باعث پہلے ہی پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور 2008ء کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے اور ان کے بھائی میر عبد الرحمان جمالی روجھان جمالی کی نشست سے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ ان کے بھانجے جان محمد جمالی سینٹ کے قائمقام چیئر مین ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ ظفر اللہ خان جمالی اور نواز شریف کے درمیان آئندہ کراچی یا اسلام آباد میں ملاقات ہوگی۔