مسلم لیگ (ن) برسراقتدارآکرروزگار فراہم کرنے کیلئے اپنے 11نکاتی پروگرام پر عمل کریگی، میاں شہباز شریف

جمعہ 11 جنوری 2008 19:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جنوری۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر وسابق وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ محنت کش پاکستانی معاشرے اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔جب تک ان کی خوشحالی اورتحفظ کو یقینی نہیں بنایاجاتا اس وقت تک پاکستان حقیقی ترقی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا۔یہ بات انہوں نے پاکستان ورکرز لیگ کے صدر اشتیاق عاصی کی قیادت میں پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے محنت کش رہنماؤں کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

وفد میں عاشق مغل، ابوسعیدجعفری،منوررضا ،ناصرالدین اورچودھری یاسین شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد محمدنوازشریف محنت کش طبقے کیلئے انتہائی محبت آمیزاورہمدردانہ جذبات رکھتے ہیں ۔انہوں نے ماضی میں بھی غریب اورمحنت کش طبقے کی ہرممکن خدمت کی، یہی وجہ ہے کہ ان کی رہنمائی میں پارٹی کے منشور میں محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ قابل عمل پروگرام کا وعدہ کررکھا ہے جس میں نہ صرف ان کی تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافہ کیاجائے گا بلکہ انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن کنونشنز(ILO)کے تحت ان کی یونین کو بحال کیاجائے گااور آجراوراجیرکوتحفظ دیاجائے گا، اس کے ساتھ ہی کام کے دوران محنت کشوں کو لگنے والے صنعتی زخموں کی تلافی کیلئے قانون سازی کی جائے گی، چائڈلیبرکاخاتمہ کیاجائے گا، بلامعاوضہ جبری مشقت کو قانون سازی کے ذریعے ختم کیاجائے گا،زیادہ سے زیادہ لیبرکالونیاں بنائی جائیں گی جن میں تفریحی پارک اور کمیونٹی سنٹربھی موجود ہونگے۔

(جاری ہے)

محنت کشوں کے لائق بچوں کو تعلیم وتربیت کیلئے وظیفے بھی دئیے جائیں گے۔محمدشہبازشریف نے کہا کہ اس کے علاوہ پارٹی برسراقتدارآکرروزگار فراہم کرنے کیلئے اپنے 11نکاتی پروگرام پر عمل کرے گی ، مہنگائی پر قابو پانے ،صنعت ،زراعت اور دیہی علاقوں کو ترقی دینے کیلئے 33نکاتی پروگرام پر عمل کیاجائے گا جس سے روزگارکے مواقع بڑھ جائیں گے ، پیداوار میں اضافہ ہوگا اور محنت کش انشاء اللہ خوشحالی اور تحفظ کی زندگی بسرکریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اشتیاق عاصی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اس لحاظ سے سب سے زیادہ منفرد ،انقلابی اور روشن خیال جماعت ہے کہ اس نے محنت کشوں کو اپنی مجلس عاملہ میں نمائندگی دی ہے اور (ILO)کے تحت مزدوروں کے تمام حقوق دینے کاوعدہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ تمام غیرجانبدار سروے اس بات پر متفق ہیں کہ مسلم لیگ(ن)محنت کشوں ،کم آمدنی والے طبقوں اور متوسط طبقے میں سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے۔آنے والے انتخابات اگرآزادانہ اور منصفانہ ہوئے تو مسلم لیگ کے اقتدارمیں آنے کے امکانات روشن ہونگے۔