مسلم لیگ (ن) صدر پرویز کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی، شہباز شریف، اسلام آباد میں سعودی سفیر اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں

ہفتہ جنوری 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی سفیر علی عواد اسیری اور بریگیڈیئر (ر) نیاز سے ان کی ملاقاتیں نجی نوعیت کی تھیں، مسلم لیگ نواز صدر پرویز مشرف سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ہفتہ کو اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر، بریگیڈئیر (ر) نیاز اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو ان ملاقاتوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ سعودی سفیر علی عواد اسیری سے ملاقات نجی نوعیت کی تھی جس میں انھوں نے سعودی عرب میں قیام کے دوران مشکل وقت میں شریف خاندان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا جبکہ بریگیڈئیر (ر) نیاز سے ملاقات بھی نجی نوعیت کی تھی تاہم نجی ٹی وی کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران ملک میں سیاسی قوتوں اور حکومت کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔