قائم مقام صدر سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء رانا نذیر خان اور مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر طارق عظیم کی ملاقاتیں ،انتخابات شفاف اور منصفانہ ہونگے ، جمہوریت کا مستقبل روشن ہے ، امیر حسین

پیر جنوری 18:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری۔2008ء) قائم مقام صدر سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین نے کہا ہے کہ اٹھارہ فروری کے عام انتخابات شفاف منصفانہ غیر جانبدارانہ اور پرامن ہونگے ملک میں سیاسی فضاء کو خوشگوار اور پرامن رکھنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں افہام وتفہیم کی فضاء پیدا کریں ، ملک میں امن وامان کی فضاء قائم رکھنے کیلئے تمام طبقات اپنا بھرپورکردار ادا کریں ، انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ق کے سیکرٹری اطلاعات سابق وزیر مملکت سینیٹر طارق عظیم خان اور مسلم لیگ ن کے رہنماء امیدوار قومی اسمبلی رانا نذیر احمد خان سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ، قائم مقام امیدوار چوہدری امیر حسین سے کامونکے سے مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کے امیدوار سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خان نے سنٹرز کالونی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ، ان سے ملک کی سیاسی صورتحال اور اٹھارہ فوری کے عام انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ، قائم مقام صدر نے کہا کہ حکومت شفاف اور منصفانہ انتخابات منعقد کرائے گی اور انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات میں کوئی جواز نہیں ہے ، عالمی مبصرین کو انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کی مکمل اجازت ہے اور مبصرین کو پولنگ سٹیشن پر جانے کی آزادی ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو سیاسی فضاء میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے ، قائم مقام صدر نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام طبقات کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے ، بعد ازاں رانا نذیر خان نے اسلام آباد کلب میں قائم مقام صدر کے ہمراہ لنچ بھی کیا ، علاوہ ازیں مسلم لیگ ق کے سیکرٹری اطلاعات سینٹر طارق عظیم نے بھی قائم مقام صدر چوہدری امیر حسین سے ملاقات کی اور ان سے ملک کی سیاسی صورتحال اوردیگر قومی امور پر بات چیت کی ۔