میاں محمد نواز شریف کی پشاور ہائیکورٹ کے معزول ججوں سے جسٹس طارق پرویز کی رہائش گاہ پر ملاقات

جمعرات 24 جنوری 2008 20:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جنوری۔ 2008ء ) مسلم لیگ(ن)کے سربراہ اورسابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پشاورہائی کورٹ با رایسوسی ایشن کے اراکین سے خطاب کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے معزول چیف جسٹس طارق پرویزکی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے طارق پرویز اوردودیگرمعزول ججوں شاہجہاں خان اور دوست محمدخان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے مرکزی و صوبائی رہنماء سردار مہتاب،پیر صابر شاہ،اقبال ظفر جھگڑا ،سرانجام خان اور وکلاء رہنماؤں اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔

میاں محمد نواز شریف کافی دیر تک معزول ججوں کے ساتھ رہے ۔اس دوران انہوں نے معزول ججوں کے ساتھ مل کر چائے پی ۔انہوں نے پشاور ہائیکورٹ کے معزول چیف جسٹس طارق پرویز اور دیگر ججوں کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ(ن) دیگرہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر عام انتخابات کے بعد پارلیمنٹ کے اندر سے ان کی بحالی کوممکن بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)حکومت بنانے کے حوالے سے صرف ان ہی جماعتوں کے ساتھ اتحادکریگی جومعزول ججوں کی بحالی کے نکتے پرمتفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن ججوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں لیا ہے وہ ہمارے ہیروز ہیں ۔انہوں نے جسٹس طارق پرویز،جسٹس شاہجہان خان اور جسٹس دوست محمد خان سمیت تمام معزول ججوں کی جرات اورعظمت کو سلام پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ وہ تنہا نہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے اور قوم انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے معزول ججوں کو حوصلہ دیا اور کہا کہ معزول ججوں نے نہایت اعلیٰ کردار اورجرات اوربہادری کامظاہرہ کیاہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جاے کم ہے ۔

اس موقع پر معزول ججوں نے میاں محمد نواز شریف کی جانب سے پارٹی منشورمیں معزول ججوں کی بحالی کے نقطہ کواولیت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ معزول ججوں کی بحالی کے لئے میاں محمد نواز شریف اور ان کی جماعت کا کردار قابل ستائش ہے اور ہم ان کے کردار کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔