Live Updates

پنجاب سے قومی اسمبلی کی 110نشستیں حاصل کرینگے  بجلی کا مسئلہ حل کر نے کیلئے کالا باغ ڈیم اتفا ق رائے سے بنائیں گے ۔چوہدری پرویز الہی۔۔۔ نواز شریف نے زر داری کے خلاف منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنایا ۔ چوہدری شجاعت کے بیان سے ختم ہوا ۔ نواز لیگ کے پاس امیدوار نہیں اور نہ ہی کوئی پروگرام ہے ۔ الیکشن ملتوی نہیں ہونگے ۔ انٹرویو

ہفتہ جنوری 17:45

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 26. جنوری2008 ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ پنجاب کی 148جنرل نشستوں میں سے 110نشستوں پر کامیابی حاصل کریگی  کئی اضلاع میں نواز لیگ کو امیدوار نہیں ملے  بجلی کا مسئلہ حل کر نے کے لئے کالا باغ ڈیم اتفاق رائے سے بنایا جائیگا اور چھوٹے صوبوں کے اعتراضات دور کئے جائیں گے  نوازشریف کے دور حکومت میں آصف علی زر دار ی کے خلاف منشیات کا جھوٹا مقدمہ چوہدری شجاعت حسین کے بیان کے باعث ختم ہوا تھا  جس کا سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے شکریہ بھی ادا کیا تھا  ایک انٹرویو میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ مسلم لیگ انتخابات میں سب سے بڑی اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی اور پانچ سالہ کار کر دگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میرے اندازے کے مطابق پنجا ب کی148میں سے 110کے قریب نشستوں پر مسلم لیگ کامیابی حاصل کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف ماضی میں سابق صدر ضیاء الحق کا مشن پورا کر نے کی بات کرتے تھے اور اب انہوں نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا مشن پورا کر نے کا بیان دیا ۔ ان کا اپنا مشن کیا ہے ۔ یہ ان کو پتہ ہی نہیں کیونکہ انہیں یہ سمجھ آ گئی ہے کہ ان کی پارٹی الیکشن ہار رہی ہے کبھی وہ قومی حکومت کی بات کرتے ہیں اور کبھی بریگیڈئیر نیاز کے پاس شہباز شریف جا کر یہ کہتے ہیں کہ صدر سے مل کر کام کر نے کے لئے تیار ہیں الیکشن ملتوی کر کے قومی حکومت بنائی جائے ۔

عوام ان کے ماضی سے آگاہ ہیں ایک سوال پر چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زر داری کے خلاف مقدمات نواز شریف نے بنائے تھے اور نواز شریف کے خلاف مقدمات پیپلز پارٹی نے بنائے تھے ہم نے تو اپنے پانچ سالہ دور میں کسی کے خلا ف انتقامی کارروائی نہیں بلکہ ہم نے انتقامی سیاست کا خاتمہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ کے تحفظات کے باوجود قومی مفاہمتی آر ڈیننس ملک کے مفاد میں جاری کیا گیا ۔

ایک سوال کے جوا ب میں چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ ذو الفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں جب چوہدری ظہورالہی شہید جیل میں تھے تو اس وقت چوہدری شجاعت حسین اور وہ ان کی انتخابی مہم چلاتے رہے اور اسی عرصے میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد بھی گجرات آ کر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے تھے اور پیپلز پارٹی نے ہمارے ایک جلسے پر فائرنگ کرائی تھی اور میرے شیخ رشید کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا جس کا ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔

ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ مزید ڈیم بنیں گے تو بجلی کا مسئلہ ہوگا ۔ کالا باغ ڈیم بننا چاہیے تاہم اس کے لئے اتفاق رائے پیدا کیا جائیگا اور چھوٹے صوبوں کے اعتراض دور کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ اگر چھوٹے صوبوں کا یہ اعتراض ہے کہ کالا باغ ڈیم سے نہریں نہ نکالی جائیں تو اس اعتراض کو دور کیا جاسکتا ہے ڈیم بنے گا تو بجلی صرف پنجاب کو ہی نہیں بلکہ سارے ملک کو ملے گی انہوں نے کہاکہ پانچ سال میں پنجاب میں گندم کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا نگران حکومت کے آتے ہی کچھ انتظامی خامیوں کے باعث آٹے کا مسئلہ پیدا ہوا جسے اب کنٹرول کر لیا گیا ہے ایک سوال پر چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ نگران حکومت مسلم لیگ (ق) کا تسلسل ہے انہوں نے کہاکہ نگران حکومت تو ہمارے خلا ف ہے ایک وفاقی وزیر انصار بر نی نے ہمارے ایک اشتہار پر الیکشن کمیشن میں تحریری شکایت کی ۔

اگر نگران حکومت ہماری حامی ہوتی تو یہ تحریری شکایت نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ پنجاب میں بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور جلد صوبہ سندھ  سرحد اور بلوچستان کے دورے پر بھی جائیں گے ۔
نواز شریف ہسپتال منتقل سے متعلق تازہ ترین معلومات