مسلم لیگ ن کی کامیابی سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا.مخدوم جاوید ہاشمی...حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بجلی گیس اور آٹا کے بعد گھی کی قلت کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا ہے‘انتخابی مہم سے خطاب

اتوار 27 جنوری 2008 12:12

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27 جنوری2008 ) مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر رہنماء و حلقہ این اے 55 سے قومی اسمبلی کے امیدوار مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مشرف سے سمجھوتے کا کوئی امکان نہیں ہے حکمران انتخابی معاملات میں مداخلت بند کریں 18 فروری مشرف اور ان کے حواریوں کی رخصتی کا دن ہو گا اور مسلم لیگ ن کی کامیابی سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز موہن پورہ اور خیابان سرسید میں منعقدہ انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا-مسلم لیگ ن کے حلقہ پی پی 12 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوارشہریارریاض اور حلقہ پی پی 11کے امیدوار ضیاء اللہ شاہ مسلم لیگ شعبہ خواتین کی صدر بیگم نجمہ حمید‘ طاہرہ اورنگزیب اور محترمہ سیما جیلانی سمیت دیگر بھی موجود تھے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بجلی گیس اور آٹا کے بعد گھی کی قلت کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا ہے لوگوں کے کاروبار بند اور لاکھوں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں عوام کے چولہے بجھ گئے ہیں اور ان کا جینا دو بھر ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم کسی ماں بہن اور بیٹی کا چولہا نہیں بجھنے دیں گے عوام دشمن اور غریب دشم پالیسیاں بنانے والوں کا احتساب کریں گے عوام ہمارا ساتھ دیں بالخصوص خواتین ملک و قوم کے مفاد میں اور نئی نسل کے بہتر مستقبل کیلئے 18 فروری کو گھروں سے نکلیں پولنگ اسٹیشنوں پر جا کر انتخابی نشان شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں اور اپنے حقوق کا تحفظ کریں انہوں نے کہا کہ آئندہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب مسلم لیگ ن کا ہو گا ملک ترقی کرے گا عوام خوشحال ہوں گے اور ہر کسی کی عزت و آبرو محفوظ ہو گی-