عالمی بینک کا وفد چھ روزہ دورہ پر3فروری کو پاکستان آئے گا

اتوار 27 جنوری 2008 14:40

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27 جنوری2008 ) عالمی بینک کا ایک وفد 3فروری سے پاکستان کا چھ روزہ دورہ کرے گا جس میں وہ پاکستان کی معیشت کا جائزہ لے گا۔ وفد اپنے دورہ کے دوران پاکستان کے تمام اہم اقتصادی منیجرز سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد پاکستان کے نجی شعبہ کے افراد سے بھی ملے گا۔ وفد میں عالمی بینک کے سیکٹر ڈائریکٹر برائے غربت میں کمی و اقتصادی مینجمنٹ ، اکنامسٹ سیٹوکھاکونینن اوردیگر سینئر عہدیدار شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

عالمی بینک کا وفد نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ ، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر، ایف بی آر کے چیئرمین عبداللہ یوسف، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر اکرم شیخ، وزارت خزانہ کے خصوصی سیکرٹری ڈاکٹر اشفاق حسن خان، کمیشن برائے حکومتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سینئر حکام اور نجی شعبے کے مختلف حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں معیشت کے مختلف شعبوں کے علاوہ سماجی شعبہ میں ہونے والی پیشرفت پر بھی بات کرے گا۔ وفد پی آر ایس پی ٹو اورتھری کا بھی جائزہ لے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے شروع کئے گئے منصوبوں اور پروگراموں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :