Live Updates

پیپلز پارٹی نے ملک توڑا، قوم پاکستان کو متحد دیکھنا چاہتی ہے تو مسلم لیگ (ق) کو کامیاب کرائے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت نااہل ہو چکی ہے، این آر او کے خاتمے پر جدہ اور لندن والے واپس جاتے نظر آئیں گے، پیپلز پارٹی والے اقتدار میں ہوں تو قومی خزانے کے ذریعے جبکہ اقتدار سے باہر لوٹ مار کے ذریعے اپنا پیٹ پالتے ہیں، نواز شریف کو عوام اور ملک سے محبت ہوتی تو اڈیالہ جیل میں وقت گزارتے ، سعودی عرب فرار نہ ہوتے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کرال چوک میں انتخابی جلسہ سے خطاب

اتوار 27 جنوری 2008 18:23

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27 جنوری2008) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما وسابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک توڑا، قوم پاکستان کو متحد دیکھنا چاہتی ہے تو مسلم لیگ (ق) کو کامیاب کرائے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت نااہل ہو چکی ہے، شریف برادران میں سے ایک صدر پرویزمشرف سے ملاقات نہ کرنے کا اعلان کر رہا ہے اور دوسرا ملاقات کیلئے ترس رہا ہے، این آر او کے خاتمے پر جدہ اور لندن والے واپس جاتے نظر آئیں گے، پیپلز پارٹی والے اقتدار میں ہوں تو قومی خزانے کے ذریعے جبکہ اقتدار سے باہر لوٹ مار کے ذریعے اپنا پیٹ پالتے ہیں، نواز شریف کو عوام اور ملک سے محبت ہوتی تو اڈیالہ جیل میں وقت گزارتے ، سعودی عرب فرار نہ ہوتے۔

وہ اتوار کو کرال چوک میں کھوکھر ہاؤس کے احاطے میں راولپنڈی میں انتخابی مہم کے آغاز پر پہلے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ ، رضوان صادق، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور دیگر رہنماؤں نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہاکہ پنجاب میں احساس محرومی دور کرنے کیلئے تیس ارب روپے کے ترقیاتی کام کرائے ہیں اور انشاء الله آئندہ منتخب ہو کر مزید ترقیاتی کام کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ملک کے دو ٹکڑے کئے ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت نا اہل ہے وہ سیاست میں کیا ڈھونڈ رہی ہے۔ میاں محمد نواز شریف اگر حکومت اور عوام کے خیر خواہ ہوتے تو سعودی عرب بھاگنے کی بجائے اڈیالہ جیل میں عوام کی محبت کے اظہار کے طور پر وقت گزارتے۔ انہوں نے کہاکہ اصل مسلم لیگ ہماری جماعت ہے جو گلی اور کوچوں میں متحرک ہے۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت نا اہل ہونے کے بعد چور دروازوں سے اقتدار میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوام خود ان کا راستہ روکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کسی دور کا ہمارے پانچ سالہ دور سے موازنہ کریں تو ہمارا دور ہر لحاظ سے سب سے اوپر رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کیسی سیاسی جماعتیں ہیں جو قومی حکومت کے مطالبے کر رہی ہیں،اگر انہیں اپنی کارکردگی پر ناز ہے تو الیکشن میں دیکھ لیتے ہیں کہ کون کتنے پانی میں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ زرداری لیگ والوں نے ہمارے امیدواروں کی املاک، بینرز ، سائن بورڈز کو نقصان پہنچایا، ہم ان کا ازالہ کریں گے اور کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے اقتدار میں ہوں تو قومی خزانے کو لوٹتے ہیں اور اگر اقتدار میں نہ ہوں تو توڑ پھوڑ کر کے لوٹ مار کرتے ہیں، ان کا مشن عوام کیلئے مسائل پیدا کرنا ہے۔

راجہ بشارت، راجہ محمد ناصر، رضوان صادق، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا اجتماع عوامی ریفرنڈم ہے، 18 فروری کو مسلم لیگ(ق) راولپنڈی اور اسلام آباد میں کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ پرویز الہیٰ وزیراعظم بننے کے بعد ہمیں اور ہمارے مسائل کو بھول نہیں جائیں گے اورآئندہ وزیراعظم پرویز الہٰی ہی ہوں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات