پرویز مشرف کی مقبولیت صفر ہو گئی ہے، ان کے غیر ملکی حامی بھی ان سے بیزار ہو چکے ہیں،نواز شریف

اتوار 27 جنوری 2008 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جنوری۔2008ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی مقبولیت صفر ہوگئی اور اب انکے غیرملکی حامی بھی ان سے بیزار ہوچکے ہیں۔لاہور میں ریٹائرڈ فوجیوں اور شہریوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے یورپ کی سرزمین پر بیٹھ کر سینئر ریٹائرڈ فوجی افسران کے بارے میں جو کچھ کہا ہے کوئی پاکستانی ایسے الفاظ کہنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ فوج کا کردار متنازعہ اور وقار تباہ کر دیا گیا ہے جسے مسلم لیگ (ن) بحال کرے گی۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی آمریت میں ختم نہیں کی جاسکتی اور جس دن آمر حکمران رخصت ہوگئے دہشت گردی ستر فیصد ختم ہو جائے گی۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ مشرف حکومت کی موجودگی میں شفاف انتخابات کاا نعقاد ممکن نہیں اور ق لیگ صرف دھاندلی پر انحصار کر رہی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) عوام کے تعاون سے اس منصوبہ کوناکام بنائے گی۔