نگران وزیر اعظم سے سندھ، بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے صدر کی ملاقات ،آزاد دانہ، منصفانہ، پرامن انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، محمد میاں سومرو

منگل 29 جنوری 2008 21:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری۔2008ء) نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ ملک میں پر امن ما حول میں آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن حد تک سہولیات فراہم کر نا نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان سر دار صالح محمد بھوتانی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کو امید ہے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی طرف سے دیئے گئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں گی اور وزارت داخلہ کی طرف سے سکیورٹی گائیڈ لائنز پر بھی عمل کریں گی تاکہ انتخابات پر امن طریقے سے منعقد کرائے جاسکیں وزیر اعظم نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ انتخابات میں حصہ لے کر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ صوبہ بلوچستان میں انفراسٹرکچر کو وسعت دینے، بجلی گیس، صحت اور تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی سے بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے بلوچستان کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے حکومت نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں ملاقات کے دور ان صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو پر امن طریقے سے انتخابات کے انعقاد کیلئے بلوچستان حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہاکہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے دریں اثناء وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے آزاد کشمیر کے صدر راجہ ذو القرنین سے بات چیت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل سے خطہ میں امن اور استحکام یقینی ہوگا انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کو تنازعہ کے حل کیلئے آگے بڑھنا چاہیے اور اس تنازعہ کا حل دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں ہے جس سے ان دونوں ممالک کی حکومتوں کو اپنے عوام کی اقتصادی و سماجی حالت کو بہتر بنانے کے لئے زیادہ فنڈز مختص کر نے میں مدد ملے گی وزیر اعظم نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے ہزاروں افراد کیلئے روز گار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور حکومت زلزلہ زدہ علاقوں کی تعمیر وترقی کے لئے مالیاتی وسائل اور ماہرین کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے اس مشکل وقت میں بھرپور امداد کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا دریں اثناء نگران وزیر اعظم نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے علاقہ میں جدید ترین ہسپتال کم میڈیکل یونیورسٹی سے ملکی عوام کو دستیاب میڈیکل اور جدید ترین سہولتوں میں فرق دور کر نے میں مدد ملے گی محمد میاں سومرو نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ کے ادارہ اور ڈی ایچ اے کی طرف سے قائم کی جانے والی اس میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف امور کا جائزہ لیا اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ صحت کی سہولتوں سے مزین یہ میڈیکل یونیورسٹی 100ایکڑ رقبے پر بنائی جائے گی اس میں تین سو بیڈز پر مشتمل ہسپتال ہوگا اس میڈیکل یونیورسٹی میں بیک وقت 2500طلباء کو میڈیکل کی گریجویٹس جبکہ تین سو طلباء کو پوسٹ گریجویشن اور تحقیق کی سہولت دستیاب ہوگی مزید برآں وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے سندھ کے وزیر اعلیٰ عبد القادر ہالی پوتہ کے ساتھ ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت انتخابات کے دور ان پر امن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن حد تک معاونت فراہم کرے گی اور حکومت ان انتخابات میں بالکل غیر جانبدار رہے گی وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو صوبہ میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا ۔