پرویز مشرف کے دور حکومت میں دیگر اداروں کیساتھ ساتھ پی آئی اے کو بھی تباہ کردیا گیا۔ میاں نواز شریف

جمعرات 31 جنوری 2008 16:35

لاہور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جنوری2008 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں دیگر اداروں کیساتھ ساتھ پی آئی اے کو بھی تباہ کرکے رکھ دیا گیا ہے ۔ اگر اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو ایک نئے عزم اور قومی جذبے کیساتھ پی آئی اے کی تعمیر نو کریں گے ۔ وہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت یافتہ پی آئی اے کی یونین ائیر لیگ کے مرکزی صدر اشرف چوہدری ‘ سیکرٹری جنرل شمیم اکمل‘ سینئر نائب صدر اکرم زبیر اور مجلس عاملہ کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔

وفد نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو مشرف دور حکومت کے دوران پی آئی اے میں اربوں روپے کی لوٹ مار کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) پی آئی اے میں لوٹ مار اور مالی بے ضابطگیوں کا حساب لے ۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف نے ائیر لیگ کے عہدیداروں کو آمریت کے خلاف انکی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ائیر لیگ کے اراکین ہمارے دست و بازو ہیں ‘ پی آئی اے کے بارے میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ توجہ طلب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مشرف دور حکومت میں جن بے گناہ لوگوں کے خلاف ذاتی پسند اور نا پسند کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں اور انہیں ملازمتوں سے غیر قانونی طور پر برطرف کیا گیا ہے حکومت ان تمام ملازمین کو فوری طور پر بحال کرے ‘ ہمارے دور حکومت میں پی آئی اے کا شکار دنیا کی چند ایک بہترین ائیر لائنز میں ہوتا تھا لیکن گزشتہ آٹھ سالہ مشرف دور حکومت میں دیگر اداروں کیساتھ ساتھ پی آئی اے کو بھی تباہ کر کے رکھ دیا گیا ہے ۔

انہوں نے ائیر لیگ کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنا ہوم ورک کریں اور اپنی سفارشات اور تجاویز دیں کہ کس طرح پی آئی کو غیر ملکی کمپنیوں سے بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔کوئی وجہ نہیں کہ اگر ہم بھی توجہ دیں اور ابھی سے بہترین پروفیشنلز کے ذمہ ٹاسک سپرد کر دیں کہ ایسے کون سے اقدامات کئے جائیں جس سے ایک سال کے عرصہ میں پی آئی اے کا شمار ایک بار پھر دنیا کی بہترین ائیر لائنز میں شامل ہو سکے ۔