انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کی کوششوں میں انتظامیہ ناقابل عبور رکاوٹیں ڈال رہی ہے ، نواز شریف

یورپی یونین کے 18 سفیروں ، امریکی سفیر اور سری لنکا کے وزیر خارجہ سے ملاقاتیں

جمعرات 31 جنوری 2008 20:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 31جنوری 2007ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی انتخابات کو آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئے انتہائی جدوجہد کررہی ہے لیکن موجودہ انتظامیہ کی طرف سے اس کے راستے میں ناقابل عبور رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں ، جس سے منفی نتائج نکلنا ناگزیر ہیں ، یہ باتیں انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں فرانس کے سفیر مسٹر بلینے کی قیام گاہ پر یورپین یونین کے اٹھارہ سفیروں کو پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کی وضاحت کرتے ئے کہیں ، انتہائی خوشگوار اور تعمیری ماحول میں مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ میں یورپی یونین کے ساتھ ہر سطح پر انتہائی قریبی اور مضبوط تعلقات قائم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہوں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ یورپی یونین نے اقتصادی اور سماجی میدان میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے جو اب بھی جاری ہے ، میں اس امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور پاکستان کے عوام بھی یورپی یونین کے اس کردار کی تحسین کرتے ہیں انہوں ے کہا کہ یورپ نے جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے ہمیشہ عالمی سطح پر بھرپور جدوجہد کی ہے ، جو مسلم لیگ ن اور پاکستانی عوام کیلئے حوصلہ افزا اور قابل تحسین ہے ، جمہوریت پاکستانی عوام کے خون میں رچی بسی ہوئی ہے وہ معاشرے میں عدل وانصاف کی حکمرانی چاہتے ہیں مسلم لیگ ن بھی پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی کے قیام کے ذریعے نہ صرف ملک کے اندر بلکہ علاقے اور عالمی سطح پر بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے ، مجھے امید ہے کہ ہم اس مقصد میں ضرور کامیاب ہونگے ، یورپی یونین کے سفیروں سے ملاقات کے بعد نواز شریف فرنٹیئر ہاؤس اسلام آباد پہنچے تو امریکی سفیر این پیٹر سن اس سے ملنے پہنچ گئیں دونوں رہنماؤں نے انتہائی دوستانہ اور گرم جوش ماحول میں پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر غور کیا ، امریکی سفیر کے بعد پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سری لنکا کے وزیر خارجہ روہتھیار بوگلاگاما نے بھی بلوچستان ہاؤس میں نواز شریف سے ملاقات کی ، انتہائی دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں سری لنکا کے وزیر خارجہ نے نواز شریف دور حکومت کا ذکر کیا جب دونوں ملکوں کے تعلقات میں قابل قدر پیش رفت ہوئی مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ان کے نزدیک سری لنکا میں خانہ جنگی ماحول کے باوجود انتخابات کے ذریعے منتخب حکومت کا قیام اور جمہوریت کا تسلسل انتہائی قابل قدر اور قابل تقلید ہے ۔