عوامی سیلاب ڈکٹیٹر شپ کو شکست دے گا۔جسٹس افتخار محمد چوہدری کو چیف جسٹس چیمبر تک واپس پہنچائیں گے ۔نواز شریف کا راولپنڈی بار سے خطاب

جمعہ 1 فروری 2008 12:05

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1فروری۔2008ء) مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی سیلاب ڈکٹیٹر شپ کو شکست دے گا اورجسٹس افتخار محمد چوہدری کو چیف جسٹس کے چیمبر تک واپس پہنچایا جائے گا ۔راولپنڈی ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی آمریت کے خاتمے کی صدی ہے اور وہ دن دور نہیں جب تمام گرفتار سیاسی کارکن اور وکلاء رہا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم پر اب جمہوریت کا بھوت سوار ہو چکا ہے اور عوام کو یہ حق حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے سیاسی کارکنوں اور وکلاء سے اپیل کی کہ انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے وہ پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہیں اور دھاندلی کی کو شش کرنے والے عناصر کو ناکام بنائیں۔انہوں نے مسلم لیگ ق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان توڑنے والی جماعت ہے جبکہ اصل مسلم لیگ وہ تھی جس نے پاکستان بنایا تھا۔انہوں نے وکلاء اور صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء اور صحافی عدلیہ کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔