موجودہ حکمرانوں نے عوام کو بم دھماکے ، قتل و غارت ، مہنگائی اوربیروزگاری کے تحفے دیئے ۔ نوازشریف

ہفتہ 2 فروری 2008 19:55

اسلام آباد+ترلائی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02 فروری2008 ) مسلم لیگ(ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت اور کارکن ملک بچانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے  موجودہ حکمرانوں نے اپنے دور اقتدار میں بم دھماکہ قتل و غارت مہنگائی اور بے روزگاری کے تحفے دیئے  عدلیہ صحافت سمیت ریاستی اداروں کو مفلوج کیا گیا حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بناء پر وطن عزیز کے عوام ذہنی اذیت میں مبتلاء ہیں  آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے والے اپنے نیک مشن میں ضرور کامیاب ہوں گے اقتدار و ذاتی جاگیر سمجھنے والوں کے عزائم18فروری کو ملک کے عوام ناکا بنادینگے۔

جمعہ کو امیدوار اسمبلی چوہدری جعفر اقبال کی قیادت میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی عہدیداروں اورکارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہاکہ منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو ورغلانے کی سازشیں ناکام ہوں گی ۔

(جاری ہے)

عوام آمرانہ پالیسیوں کو مزید برداشت نہیں کرسکتے اور اٹھارہ فروری کو عوام ووٹ کی طاقت سے مفاد پرستوں کو مسترد کرکے محب وطن قیادت کو اپنی نمائندگی کا حق دینگے انہوں نے کہاکہ گزشتہ آٹھ برسوں میں آمریت کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جدوجہد قابل ستائش ہے اٹھارہ فروری کو ہماری جدوجہد ضرور رنگ لائے گی انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار گجرات کے چوہدری برادران کو شکست سے دو چار کردینگے ملک اور قوم کو بحرانوں میں مبتلاء کرنیوالے جلد رخصت ہو جائینگے انہوں نے کہاکہ لاقانونیت اور کمیشن مافیا کے ذریعے ملک کی بنیادیں کمزور کرنیوالے صوبائی تعصبات اور نفرتوں کو پروان چڑھانے والے عوامی غضب کا شکار ہوں گے ۔