عر ب ممالک میں تعلیم کا معیار دوسرے علاقوں کے مقابلے میں گر رہا ہے،عالمی بینک

منگل 5 فروری 2008 13:13

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری۔2008ء) عالمی بینک نے کہا ہے کہ عر ب ممالک میں تعلیم کا معیار دوسرے علاقوں کے مقابلے میں گر رہا ہے اور ان ممالک نے فوراً قدم نہ اٹھایاتو بیروزگاری اور اقتصادی چیلنج کا سامناکرناپڑسکتاہے۔عالمی بینک نے اردن میں جاری ہونے والی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اگرچہ اب تعلیم کا حصول آسان ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں لڑکوں اور لڑکیوں میں بھی فرق کم ہو رہا لیکن نہ تو خواندگی کا معیار بڑھ رہا ہے اور نہ ہی سیکنڈری سکولوں کے داخلوں میں اسی طرح اضافہ ہو رہا ہے جیسے ایشیا اور لاطینی امریکہ میں ہوا ہے۔

بینک کے ایک اعلیٰ اہلکار مروان معاشر نے بی بی سی کو بتایا کہ عرب ممالک کو تعلیم پر فوری توجہ دینی ہوگی کیونکہ تعلیم اور اور اقتصادی ترقی کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کی آبادی میں نوجوانوں کی شرح دیکھتے ہوئے تعلیم کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ساٹھ فیصد لوگوں کی عمر تیس سال سے کم ہے اور اگلے دس سے پندرہ سالوں میں تقریباً دس کروڑ نئی نوکریوں کی ضرورت ہوگی جو تعلیم کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں۔

رپورٹ کے مطابق عالم عرب میں اصلاحات کے اعتبار سے اردن اور کویت سب سے آگے ہیں جبکہ جبوتی، مراکش، یمن اور عراق میں تعلیم کا معیار اور اس تک رسائی سب سے کم ہے۔اس سے پہلے جنوری میں عرب لیگ کی وساطت سے ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق عالم عرب کی دس کروڑ کی آبادی میں پچھتر فیصد لوگ ناخواندہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :