صدر بش نے 2009 کے لئے 3.1 کھرب ڈالر کی بجٹ تجاویز کانگریس کو بھیج دیں

منگل 5 فروری 2008 16:16

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری۔2008ء) امریکی صدر جارج بش نے 2009 کے لئے امریکا کے3.1 کھرب ڈالر کی بجٹ تجاویز کانگریس کو بھیج دی ہیں۔یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے مالی سال کے لئے صدر بش کی بجٹ تجاویز میں 515.4 ارب روپے کا دفاعی بجٹ بھی شامل ہے ۔بجٹ میں دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کے لئے 70ارب ڈالر تجویز کئے گئے ہیں۔ جس میں معاشی ترقی کے پیکیج کے لئے بھی 145ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بجٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ رواں سال کا بجٹ خسارہ 410ارب ڈالر آئندہ سا ل کم ہو کر 407ارب ڈالررہ جائے گا۔اخراجات میں مجموعی طور پر 6.1فیصد اضافہ ہوگاتاہم صحت ،فلاح وبہبود،لیبر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کے اخراجات میں کمی کی گئی ہے۔خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے بجٹ میں2.9فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔صدر بش کا کہنا ہے کہ بجٹ سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا اور اخراجات کوکنٹرول میں رکھاجاسکے گا ۔تاہم دونوں ڈیموکریٹ صدارتی امیدواروں ہلیری کلنٹن اور بارک اوباما نے صدر بش کی بجٹ تجاویز پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :