صوبہ پنجاب اوربلوچستان میں سردی کی شدت میں کمی۔ سرحد اور سندھ کے بعض علاقوں میں سردی کی لہر جاری

ہفتہ 9 فروری 2008 14:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2008ء) صوبہ پنجاب اوربلوچستان میں سردی کی شدت میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔تاہم سرحد اور سندھ کے بعض علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے ۔محکمہ موسمیا ت کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں آئندہ چار روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور سردی کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے ۔جبکہ صوبے کے میدانی علاقے ہلکی دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ۔

ادھر بلوچستان میں وادی کوئٹہ اور شمال مشرقی اضلاع میں مطلع صاف ہونے کے بعد سردی کی شدت میں بھی کمی واقع ہو گئی ہے ۔ کوئٹہ ، پشین، قلات، لورالائی اورمستونگ میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ تھم جانے سے بازاروں کی رونق بحال ہو گئی ہے ۔ حکام نے قلعہ عبداللہ کے علاقوں دو بندی منڈانہ اور لہڑ پڑاہی میں برف باری سے متاثرہ افراد میں کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبے میں برف باری سے بند ہونے والے بیشتر زمینی راستوں کو بحال کر دیا گیاہے ۔صوبہ سندھ کے علاقے نواب شاہ میں گذشتہ روز سردی کا چونتیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور در جہ حرارت منفی تین اعشاریہ پانچ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ کے بعض علاقوں میں آئندہ چار سے پانچ روز تک سردی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ دوسری جانب پشاورسمیت سرحد کے بالائی اورشمالی علاقوں میں دو رو ز تک وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری رہنے کا امکان ہے ۔

متعلقہ عنوان :