قوم تاریخ کے اہم ترین الیکشن میں بھرپور حصہ لے ۔گورنر سندھ

جمعرات 14 فروری 2008 17:28

کراچی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین14 فروری2008 ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ 18فروری کو ہونے والے الیکشن پاکستانی تاریخ کے انتہائی اہم الیکشن ہیں قوم اس الیکشن میں بھر پور حصہ لے یہ بات انہوں نے گزشتہ شب ڈی جے سائنس کالج گراؤنڈ میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی ) کی جانب سے بحثییت گورنر سندھ اپنے 5سال پورے ہونے اور سٹی ناظم سید مصطفی کمال کی شاندار خدمات اور کراچی چیمبر میں بی ایم جی گروپ کے اقتدار کے مسلسل 10سال پورے ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سنیٹر بابر خان غوری ، نگران صوبائی وزیرخزانہ دیوان یوسف فاروقی ، سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی ، ضلعی ناظم حیدرآباد کنور نوید جمیل ، بی ایم جی گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی ، چیمبر کے صدر شمیم احمد شمسی ، زبیر موتی والا ، طاہر خالق ، انجم نثار ، ہارون فاروقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر شجاعت بیگ ، اور ارشاد میمن بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی کی بزنس کمیوٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں آپ جیسے دھن کے پکے بلاصلاحیت لوگ ہوں وہاں کوئی جھٹکا عارضی طور پر تو متاثر کرسکتا ہے لیکن دائمی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی کی اکنامی کو ایسے بلاصلاحیت لوگوں کی موجودگی میں کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا ۔

وہ بزنس کمیونٹی اس جذبے کو بے حد سہراتے ہیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے 2005ء میں جب اتنا بڑا زلزلہ آیا جس نے پورے ملک ہلاکر رکھ دیا اس موقع پر ساری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے ، کراچی اور کراچی کی بزنس کمیونٹی نے اپنے متاثرہ بھائیوں کی مددکیلئے تاریخی کردار ادا کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی چیمبر نے ہر آزمائش اور کھٹن حالات میں اپنی مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے ملکی کی ترقی میں اپنا کردار کیا جس کے نتیجے میں آج صنعتوں میں اضافہ ہوا ہے اور بجلی کی کمی کی بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ صنعتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر برائے جہاز رانی بابر خان غوری نے کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن ) کے ساتھ مل کرمخلوط حکومت بنائی تھی لیکن دونوں جماعتوں نے ایم کیو ایم سے دھوکادیا ، انہوں نے کہا کہ 18فروری کے انتخابات کے نتیجے میں آئندہ حکومت سازی کیلئے ایم کیو ایم کی پی پی سے کوئی بات چیت نہ ہوئی ہے اور نہ ہو رہی ہے۔

ہم نے جن اتحادیوں سے مل کر 5سال پورے کیئے آئندہ بھی ان کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے کیونکہ موجودی اتحادیوں نے ہمیں کھل کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ، بابر غوری نے کہا کہ اگر متحدہ قومی مومنٹ کا سندھ میں وزیر اعلیٰ ہوتا تو صرف کراچی حیدرآ باد ہی نہیں بلکہ سندھ کا ہر شہر چمک رہا ہوتا ، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں آکر پورے ملک کو ایسے چمکا دے گی اور غریب کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا ، بابر غوری نے کہا گزشتہ 5سالوں میں پورے ملک میں ترقی ہوئی ہے سندھ میں ڈاکٹر عشرت العباد خان اور سٹی ناظم سید مصطفی کمال سمیت حق پرست وزراء نے صوبے میں امن و مان اور صنعتی ترقی کی مثال قائم کی ہے اور ان 5سالوں میں جتنی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور بزنس کمیونٹی کو کاروبار میں فائدہ ہوا ہے اس کا اندازہ ان کی بیلنس شیٹ دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے جن کی ایک فیکٹری تھی ان کی تین تین چار چار فیکٹریاں ہو گئی ہیں ، بابر غوری نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل کیانی کے سول اداروں سے فوج کو واپس بلانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سول اداروں میں ترقی کا عمل شروع ہوگا،انہوں نے کہا کہ اب کراچی سے رینجرز کو واپس بلایا جائے بلکہ ان کی جگہ لوکل فورس کو یعنی شہر کے نوجوانوں کو تعینات کیا جائے اس کیلئے5000ہزار نوجوں کو بھرتی کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ جاگیر دارانہ نظام کی تبدیلی کیلئے سسٹم کو بدلنا ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیردیوان یوسف فاروقی نے کہا کہ 18فروری کو صاف وشفاف اور پر امن الیکشن کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے اور نگران حکومت نے انہیں سہولت فراہم کی ہے ، صاف و شفاف الیکشن کیلئے بدھ سے فوج آچکی ہے اور جمعرات سے فوج کا فلیگ مارچ شروع ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی اور صاف وشفاف الیکشن نہ ہونے کا واویلا مچایا جارہا ہے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیمبر میں برسر اقتدار گروپ بی ایم جی کے سربراہ سراج قاسم تیلی نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی نرم گفتاری اور سیاسی تدبر اور بردباری کی وجہ سے حکومت کے 5سال کامیاب انداز میں مکمل ہوئے ہیں کیونکہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے گورنر ہاؤس کے دروازے سب کیلئے کھلے رکھے ہیں ، ہمارا موٹو بھی یہی ہے عوام کی خدمت یہی گزشتہ 10سالوں میں ہماری کامیابی کا راز ہے ، انہوں نے کہا کراچی میں تاجر برادری بی ایم جی گورپ کے ساتھ ہے اور بی ایم جی نے ہمیشہ تاجروں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے ، سراج قاسم تیلی نے کہا کہ فی الوقت کراچی کی 380مارکیٹیں بی ایم جی گروپ کے تحت کام کررہی ہیں اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد شمسی نے کہا کہ اب دنیا کاروبار کی ترقی کو ہی جنگ اور امن کا پیمانہ سمجھتی ہے ، دنیاکی بڑی طاقتیں اب جنگ اس لیئے لڑرہی ہیں کہ وہ اپنے بڑے کاروباری حضرات کیلئے نئے مواقع پیدا کریں اور امن کی تمنا اسی لیئے کررہی ہیں کہ ان کے کاروباری حضرات کا کاروبار مستحکم ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج جنگ اور امن کا محور کاروبار کی ترقی ہے جبکہ ہم کاروبار ، صنعت و تجارت کی ترقی کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں ۔زبیر موتی والا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کو 700ارب روپے کا سالانی ریونیو دیتا ہے لیکن اس کے باوجود این اف سی ایوارڈ میں سندھ کو حصہ نہیں مل رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک کے مجموعی ٹیکس کا کراچی 70فیصد ٹیکس ادا کرتا ہے لہذا حکومت کو چاہیئے کہ کراچی کو اس کی کمائی کے لحاظ سے اہمیت دیاور یہاں کے لوگوں کو سہولیات اور امن وامان کا بہتر ماحول فراہم کرے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پولیس کے نظام کی اصلاحات کا تقاضا یہی ہے کہ حکومت کو چاہیئے کہ شیرف کا نظام نافذ کرے جس کے مطابق علاقے کا ایس ایچ او علاقے میں دس سال کا رہائشی ہو اور علاقے کے رہائیشیوں کے ووٹوں سے منتخب ہوکر ایس ایچ او مقرر ہو ، زبیر موتی والا نے کہا کہ کراچی میں کاروباری اور تعلیم یافتہ لاگوں کی اکثریت ہے جبکہ یہاں صنعتیں اور کاروباری ادارے میں پورے ملک کے مقابلے میں بھی کئی گنا زیادہ ہیں ، حکومت کو چاہیئے کہ وہ ہرسال بجٹ کے اعلان سے قبل کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں کی مشاورت سے شیڈو بجٹ بنائے بعد ازاں بجٹ کی حتمی منظوری اسلام آباد میں کرائی جائے ، انہوں نے گزشتہ حکومت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں معیشت کو ترقی حاصل ہوئی ہے اور کراچی اسٹاک ایکسچینج ایشیا کی سب سے بڑی منافع بخش اسٹاک ایکسچینج کے طور پر سامنے آئی ہے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی نے کہا کہ صوبے میں ترقی کا عمل جاری ہے جبکہ کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے یہ سب سہرا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے سرجاتا ہے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی ناظم حیدرآباد کنور نوید جمیل نے کہا ہے حیدرآباد شہر اجڑ گیا تھا ڈاکٹر عشرت العباد خان کی خصوصی محنت سے دوبارہ شہر بن گیا ہے ۔

اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ان کی اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف کے طور پر کراچی چیمبر کی طرف سے گولڈ میڈل پیش کیا جبکہ بی ایم جی گروپ کے کارکنان نے مشترکہ طور پر بی ایم جی گروپ کی مسلسل خدمت پرگروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی کو گولڈ میڈل پیش کیا جبکہ سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی ، سینٹر بابر خان غوری ، ضلعی ناظم حیدرآباد کنور نوید جمیل ، نگراں صوبائی وزیر دیوان یوسف فارقی ، نگران صوبائی وزیر شجاعت بیگ اور نگران صوبائی وزیر ارشاد میمن کو اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف کے طور پر شیلڈ پیش کی گئیں

متعلقہ عنوان :