الیکشن، پاک فوج کے 81 ہزار مسلح جوان ، چار لاکھ سے زائد پولیس اہلکار ، رینجرز اور رضاکار ملک بھر میں تعینات

ہفتہ 16 فروری 2008 18:09

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین16 فروری2008 ) ملک میں الیکشن کیلئے حفاظتی انتظامات کو مکمل کرتے ہوئے حساس علاقوں میں پاک فوج کے 81 ہزار مسلح جوان تعینات کردیئے گئے ہیں ، وفاقی دارالحکومت اورچاروں صوبوں میں چار لاکھ سے زائد پولیس اہلکاروں کی معاونت کیلئے رینجرز ، فرنٹیئر کانسٹیبلری ، فرنیٹیئر کور اور قومی رضا کار اپنی خدمات سرانجام دینگے ، 64175 پولنگ سٹیشنوں میں سے 8928 کو انتہائی حساس جبکہ 19380 کو حساس قراردے دیا گیاہے ، الیکشن کی مانیٹرنگ کیلئے آنیوالے غیر ملکی مبصرین اور میڈیا ٹیموں کو بھی حفاظتی سکواڈ فراہم کردیئے گئے ہیں ، وزارت داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب کے 37636 پولنگ سٹیشوں پر ایک لاکھ تیس ہزار پولیس اہلکار تعینات ہونگے ، صوبہ سندھ کے 13405 پولنگ سٹیشنوں پر ایک لاکھ نوے ہزار پولیس اہلکار، صوبہ سرحد کے 8173 پولنگ سٹیشنوں پر انچاس ہزار پولیس اہلکار صوبہ بلوچستان کے 3457 پولنگ سٹیشنوں پر پچیس ہزار پولیس اہلکار اور اسلام آباد کے 382 پولنگ اسٹیشنوں پر بارہ ہزار پولیس اہلکار حفاظتی فرائض سرانجام دینگے، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے حساس علاقوں میں 81 ہزار جوانوں پر مشتمل پاک فوج کی 94بٹالین تعینات کردی گئی ہیں ، جو شہروں میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ڈیوٹیاں دینگی ، پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز ، فرنٹیئر کور ، فرنٹیئر کانسٹیبلری ، قومی رضا کار ، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سے بھی پولیس کی نفری طلب کی گئی ہے ، غیر ملکی مبصرین کو وزارت داخلہ کی طرف سے ضابطہ اخلاق اور سیکورٹی گائیڈ لائن بھی تحریری طور پر دے دی گئی ہے ، جبکہ غیر ملکی میڈیا ٹیموں اور مبصرین کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کر کے محافظ فراہم کردیئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :