باجوڑ ایجنسی میں فائرنگ سے لیویز فورس کا اہلکار زخمی، ایک اہلکار اغواء

اتوار 2 مارچ 2008 21:15

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2008ء) باجوڑ ایجنسی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے باجوڑ لیویز فورس کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا، باجوڑ ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق اتوار کو باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار سے آٹھ کلومیٹر دور عنایت کلے نامی تجارتی مرکز میں نامعلوم مسلح افراد نے باجوڑ لیویز فورس کے اہلکار محمد ولی پر اس وقت کلاشنکوف رائفلوں سے فائرنگ کی جب وہ عمری نامی علاقہ سے عنایت کلے بازار آرہے تھے فائرنگ سے لیویز اہلکار شدید زخمی ہوگیا زخمی لیویز اہلکار کو علاج کے لئے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال خار میں داخل کیا گیا ہے دریں اثناء باجوڑ ایجنسی میں نامعلوم مسلح افراد نے باجوڑ لیویز فورس کے ایک اہلکار کو اغوا کرلیا باجوڑ ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے تحصیل خار کے علاقہ کوثر میں نامعلوم افراد نے باجوڑ لیویز فورس کے ایک سپاہی مسمی فضل حق کو اس وقت اغواء کرلیا جب وہ ڈیوٹی کے بعد اپنے گھر واپس جارہا تھا باجوڑ ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دیں ۔

متعلقہ عنوان :