بھارت جوہری معاہدہ کرناچاہتا ہے توجلدی کرنا ہو گی‘امریکہ

جمعرات 6 مارچ 2008 12:17

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین06 مارچ 2008 ) امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوب وسطی ایشیا رچرڈ باوٴچر نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کو امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنا ہے تو اسے جلدی کرنی ہو گی۔رچرڈ باوٴچر نے بھارت کے دورے کے دوران کہا کہ نومبر میں امریکہ میں اقتدار میں تبدیلی آنے والی ہے اور اگر انڈیا نے جلد جوہری معاہدہ کی تکمیل نہ کی تو یہ معاہدہ کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔

بھارت کی بائیں محاذ کی جماعتوں جو موجودہ حکومت کا حصہ ہیں، انڈیا اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدے کی مخالف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدہ کر کے امریکہ کے دباوٴ میں آ جائے گا اور اس کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں رہ سکے گی۔رچرڈ باوٴچر نے کہا کہ وقت بہت کم ہے کیونکہ نومبر میں صدارتی انتخابات سے قبل پارلیمان کے سامنے بہت سے ایجنڈے ہیں۔

(جاری ہے)

اور اگر جولائی تک اس معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی جاتی تو اس کے بعد کانگریس سے معاہدے کی منظوری بہت مشکل ہوگی۔ اس سے پہلے امریکی سینٹروں نے بھی بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ اگر بھارت نے جولائی سے قبل معاہدہ حتمی شکل میں گانگریس کے پاس نہ پہنچا یاتو کانگریس کو یہ معاہدہ منظور کرنے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کانگریس اس معاہدے کو صدارتی انتخابات سے قبل منظوری نہیں دیتی تو آئندہ بننے والے صدر کے لیے بھی اس معاہدے کو منظور کرنا مشکل ہوگا اس لیے’اگر ہندوستان معاہدے کا خواہاں ہے تو اسے جلد ہی قدم اٹھانا ہوگا‘۔

واضح رہے کہ اس متنازعہ جوہری تعاون کے معاہدے کے تحت ہندوستان کو جوہری عدم توسیع کے عالمی معاہدے پر دستخط کیے بغیر امریکہ کے جوہری توانائی کے وسائل اور ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :