پی ٹی وی نے پہلی مرتبہ ریکارڈ منافع حاصل کیاَ یوسف بیگ مرزا ََ۔۔۔الیکشن 2008کے موقع پر پی ٹی وی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا‘پریس کانفرنس

جمعہ 7 مارچ 2008 14:59

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07 مارچ 2008 ) عالمی سطح پر میڈیا کی تیز رفتاری کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے پی ٹی وی نے اپنی ترجیحات از سر نو مرتب کیں اور دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک قومی چینل کی حیثیت سے بہت سے انقلابی اقدامات کیے گئے ۔ جس سے پاکستان ٹیلی وژن نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 53%زیادہ آمدنی حاصل کی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹیلی وژن کے منیجنگ ڈائریکٹر یوسف بیگ مرزا نے کہا کہ جب میں نے دوسری مرتبہ پی ٹی وی کا چارج سنبھالا تو اس وقت پی ٹی وی کئی کروڑروپے خسارے کا شکار تھا ۔

جس پر مجھے بہت سے مثبت اور فوری اقدامات کرنے پڑے اور خدا کا شکر ہے کہ ان اقدامات کیک روشنی میں آج پی ٹی وی نے دوبارہ سے ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پریزینٹیشن کے انداز میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جس سے پروگراموں میں ناظرین کے لیے دلکشی اور دلچسپی بڑھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے اپنے ڈرامے پروڈیوس کرنے کے لیے ڈرامہ ڈویژن بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ میں ایک ثقافتی قائدبن کر سامنے آیا ہے اور پی ٹی وی ہی وہ واحد فیملی چینل ہے جو سارے معاشرے کی ضروریات ، قدروں اور رویوں سے ہم آہنگ ہو کر اپنے پروگرام پیش کر رہا ہے ۔ یوسف بیگ مرزا نے کہاکہ پی ٹی وی نے ہمیشہ اہم مواقعوں پر گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔ الیکشن 2008ء کے موقع پر پی ٹی وی کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تہذیب و ثقافت کے رنگ اپنی جداگانہ حیثیت رکھتے ہیں جن کو پی ٹی وی بھر پور انداز پوری دنیا میں روشناس کر ارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروگراموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پی ٹی وی کے ریونیور کو مزید بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی وژن کے نیوز اور حالات حاضرہ کے چینل میں بہت سی انقلابی تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔

یوسف بیگ مرزا نے بتایا کہ پی ٹی وی ایوارڈ کی تقریب جلد ہی منعقد کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں یوسف بیگ مرزا نے کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کی فلاح و بہبودان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ہیڈ آف مارکیٹنگ عمارمسعود اور پی ٹی وی کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :