مردان،موبائل کمپنی کی گاڑی پر مسلح افراد کاحملہ،فائرنگ سے تین اہلکار شدید زخمی،پشاور ہسپتال منتقل

جمعہ 7 مارچ 2008 16:57

مردان(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07 مارچ 2008 ) موبائل فون کمپنی ٹیلی نار کی گاڑی پر مسلح ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کے تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے مردان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کردیا گیا جس میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور معجزانہ طورپر بال بال بچ گیا لوندخوڑپولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مجروح ثقلین حیدر ولد خورشید ،محمودسکنہ اسلام آباد نے تھانہ لوندخوڑمیں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لوند خوڑ میں قائم ٹیلی نار کے پوسٹر کامعائنہ کرنے کے بعد کارمیں سوار ہوکر واپس مردان جارہے تھے کہ راستے میں چاٹوپل کے قریب دومسلح ملزمان اچانک نمودار ہوکر ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کھول دی جس کے نتیجے میں کارمیں سوار ابرارولد دلبر خان سکنہ راولپنڈی ،حنیف اقبال ولد مظہراقبال سکنہ اسلام آباد شدید زخمی ہوگئے جبکہ ڈرائیور الناصر ولدمحمد زمان سکنہ چکوال معجزانہ طورپر بال بال بچ گئے جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان پہنچادیے بعدازاں تینوں زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر پشاور ہسپتال منتقل کردیا گیا پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔