مسئلہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے.صدرآزادکشمیر....پاکستان لچک کامظاہرہ کرتا ہے لیکن بھارت عدم استحکام کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتا،خطاب

ہفتہ 8 مارچ 2008 14:01

بھمبر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین08 مارچ 2008 ) صدر آزادکشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان نے کہا ہے کہ کشمیر کا پاکستان سے الحاق ہوجائے تو دونوں ممالک اپنے وسائل اسلحہ وبارود کی بجائے عوامی فلاح وبہبود پر خرچ کرسکیں گے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یہ مسئلہ حل کیے بغیر پاکستان اوربھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم نہیں ہوسکتے پاکستان نے لچک کامظاہرہ کیاہے لیکن بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتا صدر آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان نے راجہ خالد محمود ایڈووکیٹ،راجہ رفیق کوٹ،راجہ فرمان صوبیدارریٹائرڈراجہ اسلم اور راجہ علی شان کی قیادت میں ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو اورمسلم کانفرنس بھمبر کے مرکزی رہنما راجہ شاہد انور کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک بڑی عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین مسئلہ کشمیر کور ایشو ہے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر دونوں ممالک میں کبھی بھی تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے اور نہ ہی اسلحہ کی دوڑ ختم ہوسکتی ہے اگر جموں کشمیر کے عوام خواہشات کے مطابق مقبوضہ وآزاد ریاست کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہوجائے تو دونوں ممالک اسلحہ بارود پر صرف ہونے والے بجٹ کو عوام کی فلاح وبہبود کے لیے خرچ کرکے ان کی حالت زار اور معیار زندگی بہتر کرسکتے ہیں لیکن بھارت تو پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی موقع ضائع کرنے پر تیار نہیں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بہت لچک کامظاہرہ کیا ہے لیکن بھارت مسلسل تاخیری حربوں سے کام لے رہا ہے جس وجہ سے مظفر آباد سری نگر بس سروس اورکراسنگ پوائنٹس کے متوقع فوائد حاصل نہیں ہوسکے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر چھ ماہ کے لیے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف میں بسنے والے جموں وکشمیر کے عوام کو آزادانہ آنے جانے کاموقع دیاجائے تو مسئلہ کشمیر کا بہت جلد اوردیر پا حل نکل سکتا ہے لیکن بھارت اس کے لیے تیار نہیں گزشتہ دوسال سے لوگوں کی درخواستیں مقبوضہ کشمیر جانے کے لیے پڑی ہوئی ہیں بھارت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے وہ التواء کا شکار ہیں میں خود اپنے بچوں کو لیکر جموں اور سرینگر جانا چاہتا ہوں لیکن اجازت نہیں مل رہی میری ایج گروپ کے بہت کم لوگ زندہ رہ گئے ہیں اگر اس مرحلہ پر پبلک ٹو پبلک رابطے بحال نہ ہوئے تو نوجوان نسل میں ایک وسیع خلیج حائل ہوجائے گی انسان رشتوں کو اس طرح سے زبردستی ایک دوسرے سے دور رکھنا بین الاقوامی بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہے گزشتہ ساٹھ سالوں سے بھارت نے زبردستی ایل او سی کی شکل میں خونی لکیر کھینچ کرجموں وکشمیر کے عوام کو منقسم کررکھا ہے انٹر نیشنل این جی اوز اور عالمی برادری کو اس بات کا فوری نوٹس لیناچاہیے .

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری تنظیمیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے عین مطابق مقامی طورپر اپنی مدد آپ کے تحت بھاری افواج کے ظلم وجبر کے سامنے مزاحمت کررہی ہیں جموں وکشمیر کے عوام کی تحریک 100 فیصد مقامی ہے اس کا القاعدہ اور طالبان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بھارت بے بنیاد پراپیگنڈہ کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوسکتا صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر ہاں بجلی ،گیس ،صحت،تعلیم اور سڑک اس خطہ کے ہر گھر تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے زراعت کے اعتبار سے ضلع بھمبر سب سے زیادہ موزوں ترین جگہ ہے قومی بنک زراعت کے فروغ کے لیے عوام میں پرکشش سکیمیں متعارف کروائیں زرعی اجناس زرعی آلات اور ٹریکٹر ز وغیرہ کے لیے آسان شرائط اور کم شرح سود پر عوام کو قرضے فراہم کریں جس سے بہتر اور سود مند نتائج اخذ کیے جاسکتے ہیں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمارا پرانا کلچر اور روایات دن بدن انحطاط پذیر ہورہی ہیں زندہ قومیں اپنی تاریخ ،ثقافت اور کلچر ک قیمتی سرمائے کی طرح سنبھال کررکھی ہیں کبڈی، بازو بنیی، نیزہ بازی، دیسی کشتی، بیلوں کی دوڑ، گھوڑوں کاناچ اور اسی طرح کے پرانے کھیل قومی تہواروں پر بڑے پیمانے پر منعقد کروانے کی ضرورت ہے آج حقے اور لسی کی جگہ فیزی ڈرنکس ،چائے اور سگریٹ نے لے لی ہے اپنے بڑے بزرگوں کے پاس شام کو بیٹھنے کے رواج کوویڈیو،گیمز اور ٹی وی نے متاثر کیا ہے ہماری نوجوان نسل کی اخلاقی وروایتی تربیت کے سلسلہ میں والدین اوراساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت نکال کر ان کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں �

(جاری ہے)