فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف بھارت میں احتجاجی جلوس

ہفتہ 8 مارچ 2008 17:22

نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین08 مارچ 2008 ) فلسطین میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم اور حملوں میں ہلاکتوں کے خلاف مسلمانوں میں غم و غصے کے شدید جذبات پائے جاتے ہیں جس کے خلاف دنیا بھر کے مسلمان احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں ۔ بھارت کے شہرحیدرآباد میں مسلم جماعتوں کی جانب سے گزشتہ روزیومِ دعا اور احتجاجی جلوس کا اہتمام کیا گیا جِس میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جماعتِ اسلامی اور سٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی جانب سے منعقدکردہ اِس جلوس میں تعمیرِ ملت، امارات ملتِ اسلامیہ اور دوسری مسلم جماعتوں کے کارکنوں اور قائدین نے حصہ لیا۔ریلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی اور حملوں کو فوری بند کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ سے مداخلت کی اپیل کی گئی۔مقررین نے مسلم اور عرب ممالک سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔بھارتی حکومت سے بھی اسرائیلی حملوں کی مذمت کرنے اور فلسطین کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔یومِ دعا کے سلسلے میں شہر کی مساجد میں نمازِ جمعہ کے بعد اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا اور فلسطینیوں کی سربلندی کے لیے دعا کی گئی۔