نواز شریف کا ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے اور اعتزاز احسن کو این اے 123 سے الیکشن لڑانے پر غور

پیر 17 مارچ 2008 17:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے بارے غور کررہے ہیں ، اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ اس وقت آئین میں تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے پر پابندی ہے اوروزارت عظمی پیپلز پارٹی کے پاس جارہی ہے ، اس طرح مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف قومی اسمبلی کے ممبر کی حیثیت سے ایوان میں نہیں بیٹھیں گے ، تاہم وہ پارٹی کو پارلیمنٹ سے باہر رہ کر مزید منظم اور مربوط بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے ، اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بیرسٹر چوہدری اعتزاز احسن کو لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 جو کہ مخدوم جاوید ہاشمی نے خالی کی ہے وہاں سے انہیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طرف سے مشترکہ امیدوار کے طور پر سامنے لانے پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا ہے ، تاہم حتمی فیصلہ دونوں پارٹیوں کے قائدین باہمی مشاورت سے ہی کرینگے ۔