قومی و صوبائی اسمبلیوں کی خالی ہونے والی نشستوں کی فہرست مکمل ہوتے ہی ضمنی الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو گا‘ کنور محمد دلشاد

بدھ 19 مارچ 2008 12:43

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19 مارچ 2008 ) سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ تمام اسمبلیوں کی خالی نشستوں کی فہرست ملنے کے بعد ہی ضمنی الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا- آئین کے تحت 60 دنوں کے اندر ضمنی انتخابات ہونے چاہئیں- پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کرا کر اپنا کام سرانجام دے دیا ہے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اب الیکشن کمیشن صمنی الیکشن کے بارے میں سوچ رہا ہے کنور محمد دلشاد نے کہا کہ ضمنی انتخابات کرانے کا اپنا طریقہ کار ہے قومی اسمبلی کی جو نشستیں خالی ہو گئی ہیں ان کا تو پتہ چل گیا ہے تاہم صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون کونسی نشستیں خالی ہو ں گی تب اس کے بعد ضمنی انتخابات کا فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کم از کم 30 ندستوں پر انتخابات ہوں گے اور تاریخ کا اعلان لسٹ آنے کے بعد کیا جائے گا تاہم آئین کے مطابق ضمنی الیکشن 60 دنوں کے اندر ہونے چاہئیں-