کشمیریوں کا الیکشن میں حصہ دار بننا الحاق کی توثیق کرنے کے مترادف ہے ۔سید علی شاہ گیلانی۔۔۔ انتخابات کے حوالے سے بھارت کے منفی پروپیگنڈہ کا توڑ کرنے کے لئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے

منگل 8 اپریل 2008 12:05

سرینگر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین08اپریل 2008 ) حریت کانفرنس(گیلانی ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تمام آزادی پسند اوربھار ت نواز تنظیموں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے بھارت کے منفی پروپیگنڈہ کا توڑ کرنے کے لئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے آزادی چاہنے والے تمام افراد اوربھارت نوازتنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن بائیکاٹ مہم کے حوالے سے حریت کانفرنس کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے آگے آئیں۔

انہوں نے بھارت نواز لوگوں کو مشورہ دیاکہ وہ الیکشن سیاست کو ترک کریں اور اپنی قوم کے اجتماعی مفاد کی خاطر رائے شماری کے نعرے کی طرف لوٹ آئیں۔ الیکشن بائیکاٹ کے حق میں دلائل دیتے ہوئے بزرگ رہنمانے کہا کہ اسمبلی الیکشن کا مسئلہ کشمیر کے ساتھ اگرچہ کوئی لینا دینا نہیں تاہم بھارتی حکومت اس عمل کو بڑی مکاری کے ساتھ اپنے حق میں استعمال کرتا ہے اور عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیریوں کا الیکشن میں حصہ دار بننا الحاق کی توثیق کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی اس چال کا توڑ کرنے کے لئے الیکشن کا بائیکاٹ کرنا ایک تحریک کی ضرورت بن گیا ہے ۔ جس کو غیر اہم قرار دے کر حقائق کو بدلا نہیں جاسکتا ہے ۔جو لوگ الیکشن کو نان ایشو کہہ کر اہمیت نہ دینے کی بات کرتے ہیں، وہ سفارتی سطح پر چلائی جانے والی بھارت کے اس منفی پروپگنڈہ مہم کو نظرانداز کرتے ہیں جس کا وسائل کی کمی کی وجہ سے ہم مقابلہ نہیں کرسکتے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ جو لوگ اسمبلی میں جاکر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرانے جیسی منطق کی وکالت کرتے ہیں، وہ ماضی کی تاریخ اور بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کی پالیسی سے چشم پوشی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک تجربے کی حیثیت سے اسی راستے کو کبھی اپنایا تھا تاہم سال1987کے انتخابات میں یہ حقیقت آخری حد تک پائیہ ثبوت کو پہنچ گئی کہ بھارت ایسا کبھی بھی نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے صرف طاقت کے استعمال پر یقین رکھتا ہے اور جمہوریت یا استدلال کو کوئی اہمیت نہیں دیتا ہے۔