لاہور میں ڈاکٹر شیر افگن نیازی پر تشدد وکلاء تحریک اور جمہوریت کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے، راولپنڈی ہائی کورٹ بار کے صدر سردار عصمت اللہ خان کی پریس کانفرنس

بدھ 9 اپریل 2008 14:10

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09اپریل 2008 ) راولپنڈی ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے لاہور میں سابق وفاقی وزیر شیر افگن نیازی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو وکلاء تحریک اور جمہوریت کے خلاف سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ سازش ایوان صدر میں تیا ر کی گئی جسے گورنر پنجاب اور پنجاب کی نگراں حکومت کے ذریعے عملی جامعہ پہنایا گیا۔

(جاری ہے)

ہائی کورٹ بار کے صدر سردار عصمت اللہ خان نے ڈسٹرکٹ بار کے عہدے داروں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اس افسوس نا ک واقعے میں ایجنسیاں ملوث ہیں اور وکلاء کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی16کروڑ عوام اور وکلاء برادری مشیر داخلہ رحمان ملک کی شکر گزار ہیں کہ انھوں نے واقعے کا فوری نوٹس لے کر اعلی سطح کی تحقیقا ت کا حکم دیا۔ سردار عصمت اللہ کا کہنا تھا کہ اگر یہ سازش نہ ہوتی تو مقامی انتظامیہ ایمبولینس یا بکتر بند گاڑی کے ذریعے شیر افگن کو وہا ں سے بحفاظت منتقل کر سکتی تھی لیکن سازش کے تحت ایسا نہیں کیا گیا۔